پشاور: اقلیتی برادری کی عبادت گاہوں اور مقدس مقامات کی سیکورٹی مزید سخت کردی گئی

پشاور (نمائندہ ڈیلی اردو) کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے سکیورٹی خدشات کے پیش نظر اقلیتی برادری کی عبادت گاہوں اور دیگر مقدس مقامات کی سکیورٹی مزید سخت کردی جبکہ نئی حکمت عملی کے تحت بھاری نفری کردی گئی ہے جس کیلئے سرکل ڈی ایس پیز کو نگران مقرر کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ایس ایس پی آپریشن ظہور بابر آفریدی نے گوروارہ بھائی جوگا سنگھ کا دورہ کیا اور گرو گوبن سنگھ کے 353 ویں جنم دن کی تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر اقلیتی ایم پی ایز روی کمار، ویلسن وزیر اور کیلاش برادری کے ایم پی اے وزیر زادہ، ایس پی سٹی محمد شعیب، ڈی ایس پی گوہر خان اور دیگر پولیس افسران بھی موجود تھے۔

ایس ایس پی آپریشن نے واضح کیا کہ پشاور پولیس بلا تفریق مذہب، رنگ و نسل تمام اقلیتی برادری کے تحفظ کی خاطر بھرپور اقدامات کر رہی ہے جس کی خاطر تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پشاور پولیس نے شہر میں واقع تمام مذاہب کی عبادت گاہوں اور دیگر مقدس مقامات کی حفاظت کی خاطر از سر نو جائزہ لیا ہے جس کے بعد سفارشات کی روشنی میں مزید اہم اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔

انہوں نے شہر میں بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے اور شہر میں امن و امان کو برقرار رکھنے کی خاطر اقلیتوں کے کردار کی تعریف کی آخر میں کیک بھی کاٹا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں