پاراچنار میں قاسم سلیمانی کی شہادت پر امریکا کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

‏پاراچنار (محمد صادق) پاراچنار کے سیاسی سماجی اور مذہبی تنظیموں نے امریکا اور اسرائیل کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور بغداد میں امریکی حملے میں جنرل سلیمانی سمیت نو افراد کی شہادت کے واقعے کی شدید مذمت کی اور ضلع بھر میں تین روزہ سوگ منانے اور ماتمی مجالس بپا کرنے کا اعلان کیا۔

تفصیلات کے مطابق امریکی حملے میں جنرل قاسم سلیمانی سمیت نو افراد کی شہادت کے خلاف قبائلی ضلع کرم کے ہیڈ کوارٹرز پاراچنار میں سیاسی سماجی اور مذہبی تنظیموں نے مشترکہ احتجاجی مظاہرہ کیا اور امریکی حملے کو بزدلانہ اقدام قرار دیا۔

پاراچنار شہر میں روحانی پیشوا علامہ فدا حسین مظاہری اور علامہ عابد حسین الحسینی کی قیادت میں بڑا احتجاجی جلوس نکالا گیا جس میں مختلف تنظیموں کے کارکنوں اور رہنماؤں کے علاؤہ کثیر تعداد میں علماء اور قبائلی عمائدین نے شرکت کی۔

اس موقع پر اپنے خطاب میں علامہ عابد حسین الحسینی، علامہ اخلاق حسین شریعتی، حاجی سردار حسین، حاجی عابد حسین، مولانا الطاف حسین اور دیگر مقررین نے کہا کہ قاسم سلیمانی کی شہادت بزدلانہ اقدام ہے اور امریکہ اسرائیل نے بہت پہلے جنرل قاسم سلیمانی کے قتل کی منصوبہ بندی کی تھی اور بار بار امریکہ اپنے مقاصد میں ناکام رہی۔

مقررین نے کہا کہ جنرل سلیمانی کی شہادت سے امریکہ کیلئے خوشی کی نہیں بلکہ تباہی کا پیغام ہے کیونکہ وہ عالم اسلام کے لیڈر تھے۔

اس موقع پر علماء نے ضلع کرم میں تین روزہ سوگ منانے اور ماتمی مجالس بپا کرنے کا اعلان کیا۔

گذشتہ رات بغداد ائر پورٹ پر امریکی ڈرون حملے میں سپاہ قدس کے سربراہ کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی، عراقی رضا کار فوج کے نائب کمانڈر ابومہدی اور حزب اللہ کے خارجہ پالیسی کے انچارچ سامر عبداللہ سمیت نو افراد شہید ہوگئے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں