قاسم سلمیانی کی شہادت: اسرائیل سمیت ایران نے امریکہ سے بدلہ لینے کیلئے 35 اہداف چُن لئے، کمانڈر سپاہِ پاسداران

تہران (ڈیلی اردو) کمانڈر سپاہِ پاسداران انقلاب ایران کے جنرل غلام علی ابو حمزہ کا کہنا ہے کہ خطے میں 35 امریکی اہداف اور تل ابیب ہماری دسترس میں ہے، ایران قاسم سلیمانی کا بدلہ لینے کے لئے جہاں کہیں امریکی ہونگے ان کو سزا دے سکتا ہے، آبنائے ہرمز میں بھی اہم امریکی اہداف کی نشاندہی کر لی گئی ہے۔

ایران کی غیر سرکاری خبر رساں ایجنسی ’تسنیم‘ کی رپورٹ کے مطابق ایرانی پاسداران انقلاب کے کمانڈر جنرل غلام علی ابوحمزہ نے کہا ہے کہ القدس فورس کے سربراہ میجر جنرل قاسم سلیمانی کی شہادت کا بدلہ امریکا سے لیں گے، امریکی جہاں بھی ایران کی پہنچ میں ہوں گے انہیں نشانہ بنایا جائے گا۔

ایران کے جنوبی صوبہ کرمان میں پاسداران انقلاب کے کمانڈر جنرل ابو حمزہ نے مزید کہا کہ جنرل سلیمانی کی موت پر ایران امریکا سے بدلہ لینے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’آبنائے ہرمز ایک اہم مقام ہے جہاں سے بڑی تعداد میں مغربی اور امریکی بحری جنگی جہاز گزرتے ہیں، اس علاقے میں ایران اہم امریکی اہداف کافی پہلے ہی طے کر چکا ہے‘۔

جنرل غلام علی ابو حمزہ نے کہا کہ ’خطے میں 35 کے قریب امریکی اہداف کے ساتھ ساتھ اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب بھی ایران کے نشانے پر ہے‘۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت پر ہزاروں افراد دارالحکومت تہران کی سڑکوں پر نکل آئے اور امریکا کے خلاف سخت نعرے بازی کی۔

ایران کے سپریم لیڈر خامنہ ای نے امریکی حملے کو وحشیانہ جرم قرار دیتے ہوئے جنرل سلیمانی کے قتل کا بدلہ لینے کا اعلان کیا ہے۔

جب کہ ایرانی صدر حسن روحانی نے بھی اپنے بیان میں کہاکہ جنرل سلیمانی کے قتل نے امریکا کے خلاف کھڑا ہونے کے عظیم ایرانی قوم کے پختہ عزم کو دگنا کردیا ہے۔

ایرانی صدر نے کہا کہ امریکا کے اس وحشیانہ جرم کا انتقام لیا جائے گا۔

امریکا کی اس وقتی خوشی کو بہت جلد سوگ میں بدل دیں گے، ترجمان پاسداران انقلاب

ایرانی پاسداران انقلاب کے ترجمان رمضان شریف نے بھی اپنے بیان میں امریکا کو سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا ہےکہ امریکی حملے کے بعد طاقت کے ایک نئے باب کا آغاز ہوگا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ امریکا کی اس وقتی خوشی کو بہت جلد سوگ میں بدل دیں گے۔

خیال رہے کہ عراق کے دارالحکومت بغداد میں ہونے والے امریکی حملے میں ایران کی القدس فورس کے کمانڈر قاسم سلیمانی سمیت 9 افراد شہید ہوگئے ہیں۔

قاسم سلیمانی کی شہادت کے بعد ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے بریگیڈیئر جنرل اسماعیل قاآنی کو قدس فورس کا نیا کمانڈر مقرر کردیا ہے۔

دوسری جانب عراق میں ایرانی القدس فورس کے سربراہ جنرل قاسم سلیمانی کی شہادت کے بعد اتحادی افواج نے عراق میں اپنے آپریشز کو محدود کر دیا گیا ہے۔

امریکا کے ایک دفاعی عہدے دار نے فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کو بتایا کہ شدت پسندوں کے خلاف لڑائی میں عراقی فوج کی مدد کرنے والے امریکی اور اتحادی فوجیوں کے آپریشنز کو کم کیا گیا ہے۔

عہدے دار کا کہنا ہے کہ ہماری پہلی ترجیح اتحادی فوجیوں کی حفاظت کرنا ہے۔ امریکا کی قیادت میں اتحادی فوجوں نے عراق میں اپنے تربیتی اور شدت پسندوں کے خلاف آپریشنز ’محدود‘ کیے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ عراق میں امریکی فوجی آپریشنز روکے نہیں گئے۔ ہم نے عراق میں اتحادی افواج کی بیسز پر دفاعی اور سکیورٹی کے اقدامات سخت کر دیے ہیں۔

امریکی دفاعی عہدے دار کے مطابق عراق میں حالیہ مہینوں میں ایرانی حمایت یافتہ گروپوں کی جانب سے امریکی فوجیوں پر راکٹ حملوں میں اضافے کے بعد ہم نے حفاظتی اقدامات میں تبدیلی کی ہے۔

نیٹو کے ترجمان نے بھی اعلان کیا ہے کہ وہ عراق میں اپنے تربیتی مشنز کو معطل کر دیں گے۔ اب ان کی زیادہ توجہ داعش گروپوں کے بجائے نئے حملے روکنے پر ہو گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں