امریکی افواج کا انخلا: امریکی صدر ٹرمپ کی عراق پر پابندیاں لگانے کی دھمکی

واشنگٹن (ڈیلی اردو) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عراق پر پابندیاں لگانے کی دھمکی دی ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق عراقی پارلیمنٹ نے ملک سے امریکا سمیت تمام غیر ملکی افواج کے انخلا اور سیکیورٹی معاہدہ ختم کرنے کی قرارداد منظور کی ہے تاہم عراقی حکومت نے تاحال اس کی منظوری نہیں دی۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس معاملے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی فوج کو نکلنے پر مجبور کیا گیا تو عراق پر سخت پابندیاں لگائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایران نے امریکی مفادات پر حملے کیے تو اسے سخت جواب دیاجائےگا۔

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے بھی اپنے بیان میں کہا کہ جب عراقی قیادت اور حکومت فیصلہ کرے گی تو پھر دیکھتے ہیں کہ ہم کیا کر سکتے ہیں، تاہم ہمیں یقین ہےکہ عراقی عوام انسداد دہشت گردی مہم کیلیے امریکا کا ساتھ جاری رکھنا چاہتے ہیں۔

امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان مورگن اورٹیگس نے کہا کہ عراقی پارلیمنٹ کےفیصلے پر مایوسی ہوئی، قرارداد کے اثرات اور اس کی قانونی نوعیت پر مزید وضاحت کا انتظار ہے، عراقی رہنما داعش کی شکست کے لیے اپنی اس سوچ پر نظرثانی کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں