امریکا ایران کشیدگی: پاکستان اپنی سرزمین کسی کیخلاف استعمال ہونے نہیں دے گا: وزیراعظم عمران خان

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان اپنی سرزمین کسی کے خلاف استعمال ہونے کی اجازت نہیں دے گا۔

وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا مشاورتی اجلاس ہوا، جس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری ،شفقت محمود، شیریں مزاری اور دیگر نے شرکت کی۔

مشاورتی اجلاس میں سروسز ایکٹس میں ترامیم منظور کروانے کی حکمت عملی پر مشاورت کی گئی۔

وزیراعظم نے چیف وہپ کو کل کے اجلاس میں تمام اراکین پارلیمنٹ کی حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں پارلیمانی پارٹی اور قومی اسمبلی اجلاس سے متعلق حکومتی حکمت عملی طے کرلی گئی۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے مشرق وسطیٰ کی تازہ صورتحال سے اجلاس کو آگاہ کیا۔

اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ پاکستان اپنی سرزمین کسی کے خلاف استعمال ہونے کی اجازت نہیں دے گا بلکہ خطے میں کشیدگی کے خاتمے کے لیے کردار ادا کرے گا۔

وزیراعظم سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھی علیحدہ ملاقات کی جس میں امریکا ایران تنازعے سے پیدا شدہ صورت حال اور پاکستانی مؤقف پرغورکیا گیا کیا گیا۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت میڈیا اسٹریٹیجی اجلاس بھی ہوا جس میں وزیراعظم کو 2020 پرحکومتی ویژن پر تجاویز پیش کی گئیں۔

وزیراعظم کو عوامی ریلیف کے لیے فلاحی اقدامات کی تفصیل بھی پیش کی گئیں، وزیراعظم نے رواں ماہ جنوری میں جامع پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں