میزائل حملہ امریکا کے منہ پر طمانچہ ہے، ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای

تہران (ڈیلی اردو) ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کا کہنا ہے کہ میزائل حملہ امریکا کے منہ پر طمانچہ ہے اور صرف فوجی کارروائی کافی نہیں بلکہ خطے میں امریکا کی موجودگی ختم ہونی چاہیے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق عراق میں امریکی فوجی اڈوں پر حملوں کے بعد ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایرانی قوم آج دنیا کے غنڈوں کے خلاف متحد ہوگئی ہے، امریکی اور اتحادی افواج پر حملہ کامیاب رہا، امریکا جہاں بھی جاتا ہے تباہی اور فساد لاتا ہے لیکن ایران مخالفین کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے۔

آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ امریکا کے خلاف صرف فوجی حملہ کافی نہیں بلکہ خطے میں امریکا کی موجودگی ختم ہونی چاہیے،  قاسم سلیمانی مغربی ایشیا میں امریکی سازشوں کے خلاف رکاوٹ تھے، قاسم سلیمانی کو خطرات کا سامنا تھا پر انھوں نے ہمیشہ دوسروں کی جان کی پرواہ کی، جنرل سلیمانی نے اسرائیل کے خلاف جدوجہد میں فلسطینیوں کی بہت مدد کی۔

ایرانی سپریم لیڈر  نے کہا کہ جنرل قاسم سلیمانی ایران کا بہادر سپوت تھا، جنرل قاسم سلیمانی میں منافقت نہیں تھی، جنرل سلیمانی نے اپنی زندگی انقلاب کے لیے وقف کر رکھی تھی، آج  کا ایرانی نوجوان ماضی کی نسبت انقلاب پر زیادہ اور کامل یقین رکھتا ہے، قاسم سلیمانی صرف فوجی نہیں تھے بلکہ وہ سیاسی میدان میں بھی جرات کا مظاہرہ کرتے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں