قاسم سلیمانی کی شہادت سے ایران متحد ہو گیا ہے ، عوامی نیشنل پارٹی

پشاور(نیوز ڈیسک)عوامی نیشنل پارٹی کے سیکرٹری جنرل میاں افتخار حسین نے سابق مرکزی سیکرٹری مالیات ارباب طاہر کے ہمراہ ایرانی قونصلیٹ پشاور میں ایرانی قونصلر جنرل سید ابراہیم نہادی سے ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کو نشانے بنانے کے حوالے سے تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنرل سلیمانی کو عراق کی سرزمین پر نشانہ بنانا ظلم و بربریت کی انتہا ہے،

عوامی نیشنل پارٹی عدم تشدد پر یقین رکھتی ہے اور تشدد دنیا میں کہیں بھی جس کی طرف سے بھی ہو اے این پی اُس کی مخالف ہے، میاں افتخار حسین نے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان اور اے این پی کی طرف سے ایرانی قوم اور حکومت ایران سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے اُن تک تعزیت کا پیغام بھی پہنچایا اور کہا کہ ایران آج تاریخی طور پر جنرل سلیمانی پر حملے اور اُس کی شہادت پر متحد ہوگیا ہے، ایران کا اس نازک وقت میں متحد ہونا ایران کی اصل جیت ہے، انہوں نے خطے کی مجموعی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا خطہ پہلے ہی سے جنگ زدہ ہے، افغان جنگ کی صورت میں یہ خطہ باالعموم اور پاکستان باالخصوص بہت زیادہ نقصان اُٹھا چکا ہے، خطہ اب ایک نئی جنگ کا متحمل نہیں ہوسکتا۔

انہوں نے کہا کہ تمام ملکوں کو اس صورتحال میں غیرجانبدار رہنا ہوگا، اگر کوئی اس آگ پر قابو پا نہیں سکتا تو اُس کو کسی کیساتھ کھڑا ہونے کی بھی ضرورت نہیں ہے، میاں افتخار حسین نے جنرل سلیمانی کی بیٹی کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ اُن کی تقریر کی وجہ سے پورا ایران متحد ہوا ہے اور امریکہ کو ایک واضح پیغام گیا ہے کہ ایرانی قوم امریکہ کے اس عمل کی مخالف ہے اور امریکہ کے حوالے سے ایرانیوں کے نفرت میں مزید اضافہ ہوا ہے۔ میاں افتخار حسین نے مزید کہا کہ اگر ٹرمپ کے حوالے سے اس تاثر کو دیکھا جائے کہ جنرل سلیمانی کو ٹارگٹ کرنے سے وہ الیکشن جیت جائیں گے تو یہ لوگوں کی خام خیالی ہے، یہ نفرت ٹرمپ کیلئے شکست کا سبب بن سکتی ہے،

انہوں نے کہا کہ امریکہ کی یہ کوشش بھی ناکام ہوگئی ہے کہ عراق اور ایران کے تعلقات خراب کئے جائیں بلکہ مشکل کی اس گھڑی میں عراق کا ایران کیساتھ کھڑا ہونا خوش آئند ہے۔ ایرانی قونصلر جنرل نے اے این پی قائدین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ایران اے این پی قائدین کی مشکور ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں وہ اُن کیساتھ کھڑے ہیں۔حکومت ایران مشکور ہے کہ اس مشکل وقت میں اے این پی نے اُن کو یاد رکھا اور مشکل وقت میں یاد رکھنے والوں کو کبھی بلایا نہیں جاسکتا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں