یمن میں سعودی اتحادی طیاروں نے شہری علاقوں پر پھر سے حملوں کا آغاز کردیا

ریاض (ویب ڈیسک) یمن میں آئینی حکومت کو سپورٹ کرنے والے عرب اتحاد نے کہا ہے کہ اس نے دارالحکومت صنعاء میں بعض ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے۔ اتحاد نے شہریوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنی حفاظت کی خاطر ان مقامات سے دور رہیں۔

جمعے کی شام جاری بیان میں عرب اتحاد نے بتایا کہ شہریوں کے تحفظ کے واسطے حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں اور مذکورہ مقامات پر حملہ بین الاقوامی قانون کی رعائت کے ساتھ کیا گیا۔ترجمان نے بتایاکہ بم باری میں جاسوس طیاروں کے ڈپو کو نشانہ بنایا گیا۔

العربیہ کے مطابق عرب اتحاد نے یکم فروری کو ایک اعلان میں صنعاء کے مشرق میں اسی طرح کی ایک کارروائی کا اعلان کیا تھا جس میں جاسوس طیاروں کی تیاری اور ان کے ڈپو کو نشانہ بنایا گیا۔

عرب اتحاد کا مزید کہنا ہے کہ یمن کے لیے بنیادی ضرورت کی اشیاء، پٹرولیم مصنوعات اور غذائی مواد لے کر آنے والے 27 بحری جہازوں کو اجازت نامہ جاری کیا گیا ہے۔ اتحاد کے مطابق حوثی ملیشیا نے 18 روز سے 5 بحری جہازوں کو الحدیدہ کی بندر گاہ میں داخل ہونے سے روک رکھا ہے۔

عرب اتحاد کے بیان میں اس امر کی بھی تصدیق کی گئی ہے کہ الحدیدہ کے شمال میں الصلیف کی بندرگاہ میں 3 ہفتوں سے کوئی جہاز لنگر انداز نہیں ہوا۔

اتحاد کے مطابق 29 فضائی اور 6 زمینی اجازت ناموں کے علاوہ قافلوں کی حفاظت کے لیے 127 پرمٹ جاری کیے گئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں