کوئٹہ: مسجد میں نماز کے دوران دھماکا، ڈی ایس پی سمیت 14 افراد شہید، 20 زخمی

کوئٹہ (نمائندہ ڈیلی اردو) صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں دھماکے کے نتیجے میں ڈی ایس پی امان اللہ خان سمیت 14 افراد شہید جبکہ 20 افراد زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کے علاقے سیٹلائٹ ٹاؤن میں دھماکے کے نتیجے میں ڈی ایس پی امان اللہ خان سمیت 14 افراد جان کی بازی ہار گئے، مسجد میں نماز کے دوران دھماکا ہوا۔ ڈی ایس پی امان اللہ خان کے بیٹے نجیب اللہ کو ایک ماہ قبل شہید کردیا گیا تھا۔

پولیس کے مطابق دھماکا سیٹلائٹ ٹاؤن کے علاقے غوث آباد کی مسجد میں ہوا جس میں ڈی ایس پی امان اللہ اور دیگر 14 افراد شہید ہوئے۔

زخمیوں اور شہدا کو سول ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے کی نوعیت کا تعین کیا جارہا ہے۔

سول ہسپتال کے ایک ترجمان نے ڈیلی اردو کو بتایا ہے کہ زخمی ہونے والوں میں سے چند افراد کی حالت نہایت تشویشناک ہے۔

خیال رہے کہ 7 جنوری کو بھی کوئٹہ کے میکانگی روڈ پر فرنٹیئر کور (ایف سی) کی گاڑی کے قریب دھماکے میں 2 افراد شہید اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔

دھماکے میں ایف سی کی گاڑی کو رش والے علاقے میں نشانہ بنایا گیا اور دھماکے کی جگہ بارودی مواد نصب کیا گیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں