رحیم یار خان: صادق آباد میں ٹڈی دل پر اسپرے کرنیوالا طیارہ گر کر تباہ، پائلٹ اور انجنیئر شہید

رحیم یار خان (ڈیلی اردو) صوبہ پنجاب کے ضلع رحیم یار خان کے شہر صادق آباد کے قریب چولستانی علاقہ باندھی میں ٹڈی دل پر اسپرے کرنے والاطیارہ گرکر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار دو افراد شہید ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق رحیم یار خان میں ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے فضائی اسپرے کرنے والا محکمہ پلانٹ کا چھوٹا طیارہ فنی خرابی کے باعث صادق آباد کے قریب گر کر تباہ ہوگیا، طیارے میں سوار دونوں ملازمین شہید ہوگئے۔

سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے فضائی اسپرے کرنے والا طیارہ فنی خرابی کے باعث صادق آباد کے قریب چک نمبر 225 کے مقام پر گر کر تباہ ہوا۔

 اسسٹنٹ کمشنر صادق آباد نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حادثے میں پائلٹ شعیب ملک اور انجنیئر فواد بٹ شہید ہوگئے ہیں اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر  پہنچ گئی ہیں۔

اسسٹنٹ کمشنر صادق آباد نے مزید بتایا کہ حادثے کا شکار طیارہ 2 روز سے علاقے میں اسپرے کر رہا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں