پیرا گون ہاؤسنگ سکینڈل: خواجہ برادران کے جوڈیشل ریمانڈ میں 24 جنوری تک توسیع

لاہور (ڈیلی اردو/این این آئی) احتساب عدالت نے پیرا گون ہاؤسنگ سکینڈل ریفرنس میں خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق کے جوڈیشل ریمانڈ میں 24 جنوری تک توسیع کر دی۔

دوران سماعت احتساب عدالت کے جج نے نیب پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ کیا نیب نے قیصر امین بٹ کے وعدہ معاف گواہ بنانے کے بیان کی کاپی خواجہ برادرن کے وکلاء کو فراہم کردی ہیں۔

نیب پراسیکیوٹر نے نفی میں جواب دیتے ہوئے کہا کہ ابھی بیان کی کاپیاں فراہم کردیتے ہیں جس پر عدالت نے خواجہ برادران کے وکلاء کو بیان کی کاپیاں فوری فراہم کرنے کا حکم دیا۔

قیصر امین بٹ بیماری کے باعث گذشتہ روزبھی پیش نہ ہوسکے جس پر نیب پراسیکیوٹر نے قیصر امین بٹ کا میڈیکل سرٹیفکیٹ پیش کردیا۔ نیب پراسیکیوٹر نے عدالت سے استدعا کی کہ قیصر امین بٹ کے علاوہ دیگر گواہوں کو طلب کرلیں، قیصر امین بٹ صحتیاب ہوتے ہی عدالت میں پیش ہوجائیں گے۔

عدالت نے نیب پراسیکیوٹر کی استدعا کو منظور کرتے ہوئے محکمہ مال کے گواہوں کو طلب کرتے ہوئے سماعت 24 جنوری تک ملتوی کرتے ہوئے خواجہ برادران کے جوڈیشل ریمانڈ میں بھی 24 جنوری تک توسیع کر دی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں