بھارت نے کشمیر میں شٹ ڈاؤن کے ذریعے تباہی چھپانے کی کوشش کی: ہیومن رائٹس واچ

نیویارک (ڈیلی اردو/وائس آف ایشیا) ہیومن رائٹس واچ کی سالانہ رپورٹ میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ بھارت نے کشمیر میں شٹ ڈاؤن کے ذریعے تباہی چھپانے کی کوشش کی۔

ہیومن رائٹس واچ کی رپورٹ میں کہا گیا ہیکہ بھارتی حکومت نے کشمیر میں مکمل شٹ ڈاؤن کے ذریعے تباہی کو چھپانے کی کوشش کی، بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں سخت محاصرہ کرتے ہوئے اضافی فوجی تعینات کیے۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ سابق وزرائے اعلیٰ، سیاسی رہنماؤں، کارکنوں، وکلا اور صحافیوں کو بغیر الزام کے نظربند کیا گیا جب کہ مقبوضہ کشمیر میں انٹرنیٹ، موبائل فون سروس معطل کردی گئی۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ فوجی محاصرے کے باعث کشمیری بدستور مشکلات کا شکار ہیں، کشمیریوں نے انٹرنیٹ کی جزوی بحالی کے بھارتی دعوے کو سختی سے مسترد کر دیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز مقبوضہ کشمیر کی کشیدہ صورت حال اور لائن آف کنٹرول پر اشتعال انگیزی کے حوالے سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا 6 میں دوسرا اجلاس ہوا۔ یہ اجلاس پاکستان کی درخواست پر بلایا گیا تھا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے گذشتہ برس دسمبر میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کو خط لکھ کر کشمیر کی صورتحال پر توجہ دلائی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں