سری نگر: بھارتی قابض فوج کا مقبوضہ وادی میں نام نہاد آپریشن، 5 کشمیری شہید

سرینگر (ویب ڈیسک) بھارتی فورسز نے مقبوضہ کشمیر میں مظالم کا سلسلہ مزید تیز کرتے ہوئے نام نہاد آپریشن کے نام پر مزید 5 کشمیریوں کو شہید کردیا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فورسز نے ضلع کلگام میں کارروائی کی جس کے دوران علاقے کا محاصرہ کرنے کے بعد 5 کشمیریوں کو گولیاں مار کر شہید کردیا۔

قابض بھارتی فورسز کی کارروائی کے خلاف سیکڑوں نہتے کشمیری سڑکوں پر نکل آئے اور شدید احتجاج کیا۔

قابض فورسز نے ایک مرتبہ پھر بربریت کا مظاہرہ کیا اور نہتے شہریوں پر پیلٹ گن کا استعمال اور آنسو گیس کی شیلنگ کی جس کے نتیجے میں 12 افراد زخمی ہوگئے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مشترکہ حریت قیادت کی کال پر مقبوضہ کشمیر میں کل مقبول بٹ کی برسی پر مکمل ہڑتال کی جائے گی۔

حریت قیادت کا کہنا ہے کہ کشمیر کی آزادی کے لیے عظیم لیڈروں نے بڑی جدوجہد اور قربانیاں دیں، افضل گورو اور مقبول بٹ کی شہادت کشمیر کی تاریخ کا شاندار باب ہیں۔

یاد رہے کہ بھارت نے کشمیری حریت رہنما محمد مقبول بٹ کو دلی کی تہاڑ جیل میں 11 فروری 1984 کو پھانسی دی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں