پشاور: کالعدم تنظیم کا خطرناک دہشت گرد گرفتار، سر کی قیمت 5 لاکھ روپے مقرر تھی

اسلام آباد + پشاور (ش ح ط/ڈیلی اردو) پشاور میں کانٹر ٹیررازم ڈیمارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم ٹی ٹی پی کا خطرناک دہشت گرد گرفتار کرلیا۔ گرفتار دہشتگرد کی گرفتاری پر خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے پانچ لاکھ روپے کی رقم بھی مقرر تھی۔

سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق خطرناک اشتہاری ایوب خان ولد خان احمد سکنہ لنڈی کوتل حال پور دل ضلع خیبر جو عرصہ دراز سے کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان کا سرگرم کارکن اور دہشت گرد تھا کو انتہائی باریک بینی اور سائنسی خطوط پر استوار طریقہ کار اپنا کر گرفتار کرلیا گیا۔

خطرناک دہشت گرد ریاض شہید چوکی پر حملہ جس میں کئی پولیس اور ایف سی اہلکار شہید ہوئے تھے اور چوکی کو آگ لگا کر سرکاری اسلحہ بھی لے گئے تھے سمیت ایف سی چیک پوسٹ پر حملے، سرکاری گاڑیوں اور عمارتوں کو آگ لگانے، پولیس چوکی منظور شہید پر حملے، باڑہ قدیم چیک پوسٹ پر حملے، امن لشکر کے مورچوں اور ٹھکانوں پر حملے، ضلع خیبر میں دہشت گردانہ کاروائیوں اور آئی ای ڈی کروانے اور پی اے خیبر صدر کے دفتر کے باہر خودکش حملوں کے بارے میں مکمل معلومات رکھتا تھا۔

گرفتار دہشت گرد کے سر پر حکومت کی جانب سے پانچ لاکھ روپے انعام بھی مقرر کردیا گیا تھا۔

خطرناک دہشت گرد کو گرفتاری کے بعد مزید تفتیش کی غرض سے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں