کراچی: گلستان جوہر میں ‏ایم کیو ایم کے سابق ایم این اے نثار احمد پنہور گرفتار

کراچی (ڈیلی اردو) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے سابق ایم این اے نثار احمد پنہور کو گرفتار کرلیا گیا۔

ذرائع کے مطابق کراچی میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے ایم کیو ایم لندن کے سابق رکن اسمبلی نثار احمد پنہور کو گلستان جوہر میں واقع ان کی رہائش گاہ سے حراست میں لیا۔

نثار احمد پنہور کے بیٹے محسن پنہور نے اپنے والد کو حراست میں لئے جانے کی ویڈیو ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اعلیٰ حکام میرے والد کو حراست میں لئے جانے کا نوٹس لیں۔

محسن پنہور کا مزید کہنا ہے کہ رات گئے کچھ افراد سول کپڑوں میں آئے تھے اور وہ والد کو ساتھ لے کر گئے جس کے بعد سے والد کا موبائل نمبر بھی بند ہے کوئی رابطہ نہیں ہے نہ ہی آگاہ کیا گیا ہے کہ انہیں کہاں لے جایا گیا ہے۔

واضح رہے کہ نثار احمد پنہور 2008 میں ایم کیو ایم کی ٹکٹ پر رُکنِ اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔

دوسری جانب ایم کیو ایم کے بانی الطاف حسین نے اس حوالہ سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کہا ہے کہ نثار احمد پنہور کو رینجرز نے گرفتار کر لیا، انسانی حقوق کی تنظیمیں اس کا نوٹس لیں۔

اپنے بیان میں کہا کہ ایم کیو ایم کے سابق رکن قومی اسمبلی نثار پنہور کی گرفتاری ریاستی مظالم کی بدترین مثال ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نثار پنہور کا جرم یہ ہے کہ انہوں نے سائیں جی ایم سید کی 116 ویں سالگرہ کے موقع پر انکی قبر پر فاتحہ پڑھی تھی۔ نثار پنہور کو فی الفور رہا کیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں