ایران: امریکی صدر ٹرمپ کو قتل کرنے پر” 30 لاکھ ڈالر” انعام کا اعلان

تہران (ڈیلی اردو) ایران کے رکن اسمبلی احمد حمزہ نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو مارنے پر 30 لاکھ امریکی ڈالر دینے کا اعلان کردیا۔

ایران کی نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی اِسنا کے مطابق ایران کے ایک قانون ساز احمد حمزہ کا کہنا ہے کہ جو کوئی بھی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو قتل کرے گا اسے 30 لاکھ ڈالر کی رقم انعام کے طور پر دی جائے گی۔ انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ یہ رقم کون ادا کرے گا۔

اس پیشکش کی اصل وجہ دراصل جنرل قاسم سلیمانی کے قتل کا بدلہ لینا ہے۔

یہ پیشکش انہوں نے کرمان کے لوگوں کی جانب کی ہے جو کہ جنرل سلیمانی کا آبائی علاقہ ہے۔ کرمان میں ہی جنرل سلیمانی کی آخری رسومات ادا کی گئیں اور یہی اُن کی آخری آرام گاہ بھی ہے۔

واضح رہے کہ جنرل سلیمانی کو امریکا نے 3 جنوری کو عراق کے دارالحکومت بغداد ائیرپورٹ کے قریب ڈرون حملے میں قتل کیا تھا جس کی وجہ سے ایران کے لوگوں میں امریکا کے خلاف کافی غم و غصہ موجود ہے کیونکہ جنرل سلیمانی ایران میں کافی مقبول تھے۔

اس کے بعد ایران نے نہ صرف امریکا سے بدلہ لینے کا اعلان کیا بلکہ عراق میں موجود امریکا کے دو فوجی اڈوں پر میزائل حملہ بھی کیا جس پر پہلے تو امریکی صدر نے کسی بھی قسم کے جانی نقصان کے تردید کردی لیکن بعد میں امریکا نے ایرانی حملے میں فوجی اہلکاروں کے زخمی ہونے کا اعتراف کرلیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں