پاکستانی خواجہ سرا نایاب علی عالمی ایوارڈ کیلئے نامزد

اسلام آباد (ڈیلی اردو) پاکستان کے پہلے خواجہ سرا نے عالمی اعزاز تک رسائی حاصل کر لی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کا پہلا خواجہ سرا عالمی ایوارڈ کے لیے منتخب کر لیا گیا ہے، خواجہ سرا نایاب علی کو عالمی ایوارڈ دی گالاز 8 فروری کو دیا جائے گا۔

دی گالاز ایوارڈ کی تقریب آئرلینڈ کے دارالحکومت ڈبلن میں آٹھ فروری کو منعقد ہوگی، جس میں خواجہ سرا نایاب علی کو ایوارڈ سونپا جائے گا۔

نایاب علی پاکستان کے پہلے خواجہ سرا ہیں جنھیں اس ایوارڈ کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ اس ایوارڈ کے لیے نامزد خواجہ سرا نایاب علی ایک تعلیم یافتہ شہری ہیں اور ماسٹر ڈگری حاصل کر چکے ہیں، میٹرک کا امتحان اے پلس گریڈ کے ساتھ دیا، این ٹی ایس ٹیسٹ میں کام یاب نہ ہونے کے سبب ڈاکٹر بننے کی خواہش پوری نہ ہو سکی، نایاب علی نے مذہبی تعلیم بھی حاصل کی۔

ایوارڈ کے لیے نامزدگی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نایاب علی نے کہا کہ خواجہ سراں کے حقوق کے لیے کردار پر انھیں ایوارڈ کے لیے منتخب کیا گیا ہے، اس ایوارڈ کے لیے منتخب ہونا ایک بڑا اعزاز ہے۔

مذکورہ ایوارڈ کے لیے رواں برس پوری دنیا سے چار لوگوں کو نامزد کیا ہے جن کا تعلق پاکستان، برازیل، قازقستان اور کرغزستان سے ہے۔

خیال رہے کہ نایاب علی پر نامعلوم افراد نے تیزاب بھی پھینکا تھا، تاہم اس افسوس ناک واقعے میں ان کا چہرہ بچ گیا تھا، ٹھوڑی اور گردن متاثر ہو گئے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں