پاراچنار: قبائلی اضلاع میں بلدیاتی الیکشن کی تیاری

پاراچنار (محمد صادق) قبائلی اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے لئے تیاریاں جاری ہیں، پاراچنار سے سفیر بلدیات پروگرام کا آغاز کردیا گیا۔

قبائلی اضلاع میں 72 سال بعد پہلی بار بلدیاتی انتخابات کئے جارہے ہیں۔ اس حوالے سے مختلف قسم تیاریاں جاری ہیں  بلدیاتی نظام کے حوالے سے عوامی شعور اجاگر کرنے کیلئے حکومت نے سفیر بلدیات کے نام سے ایک پروگرام شروع کیا ہے۔

گورنر کاٹیج پاراچنار میں افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لوکل گورنمنٹ ریفارمز کے ٹیم لیڈر خالد خان، ڈپٹی کمشنر ضلع کرم شاہ فہد، ایم این اے ساجد طوری، پروگرام کوآرڈینیٹر شاہ حسین اور دیگر مقررین کا کہنا تھا کہ بلدیاتی نظام کے نفاذ سے قبائلی اضلاع کی پسماندگی دور ہو جائے گی اور ملک کے دیگر علاقوں کی طرح یہاں بھی ترقی کا دور دورہ ہوگا اور پہلی بار لوگ مقامی لوگوں کو کونسل کی سطح پر انتخاب کرینگے جس کے ذریعے یہاں ترقیاتی کام ہونگے۔

مقررین کا کہنا تھا کہ قبائلی اضلاع میں 25 تحصیل کونسل اور 702 ویلج اور نیبر ہوڈ کونسل بنائے گئے ہیں۔ ان علاقوں میں بلدیاتی انتخابات اور اس نظام کے حوالے سے گھر گھر جاکر عوامی شعور اجاگر کرنے کیلئے سفیر بلدیات پروگرام شروع کیا گیا ہے جس کیلئے 35 خواتین سمیت ٹیم کے 120 ممبران کا ٹیم بنایا گیا ہے۔

اس موقع پر پروفیسر جمیل کاظمی، سابق سینیٹر سجاد سید میاں، نذیر احمد اور سید رضا حسین نے نئے نظام کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ قبائلی علاقے انتہائی پسماندہ ہیں اور اس نظام کے نفاذ سے ان علاقوں کی پسماندگی دور ہو جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں