ترکی میں 6.8 شدت کا زلزلہ، 21 افراد جاں بحق، 1015 زخمی، عمران خان کا اظہار افسوس

انقرہ (ڈیلی اردو/نیوز ایجنسیاں) ترکی میں 6.8 شدت کے زلزلے سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 21 ہوگئی، 1015 سے زائد افراد زخمی ہیں جبکہ 30 افراد لاپتہ ہیں، زلزلے کے باعث کئی عمارتیں زمین بوس ہو گئیں۔

ترکی کے مشرقی علاقوں میں 6.8 شدت کا زلزلہ آیا، جس کے نتیجے میں عمارتیں لرز اٹھیں، لوگ گھروں سے باہر نکل آئے، زلزلہ ترکی میں مقامی وقت کے مطابق رات 10 بج کر 55 منٹ پر آیا، زلزلے کا مرکز ترکی کے صوبے ایازگ سے 40 کلومیٹر دور تھا۔

ٹرکش ریڈیو اینڈ ٹیلی ویژن کے مطابق اب تک کی اطلاعات کے مطابق زلزلے کے نتیجے میں 21 سے زائد افراد جاں بحق اور 1015 سے زیادہ زخمی ہوچکے ہیں۔

زلزلے کی شدت ہمسایہ ملکوں میں بھی محسوس کی گئی۔ بتایا کہ  درجہ ریختر  پر زلزلے کی شدت 6.8 ریکارڈ کی گئی۔

یہ زلزلہ دارالحکومت انقرہ سے 550 کلومیٹر مشرق میں واقع صوبہ ایلازیع میں آیا۔ اس کے بعد درجنوں جھٹکے محسوس کیے گئے۔

ترکی کی وزیر صحت فخر الدین قوجہ دیگر وزراء کے ہمراہ امدادی آپریشن کی نگرانی کے لیے علاقے میں پہنچ گئے ہیں۔

وزیر داخلہ سلیمان سویلو کا کہنا ہے کہ زمین بوس ہونے والی عمارتوں کے ملبے تلے 30 افراد دبے ہوئے ہیں جن کی تلاش جاری ہے جب کہ زخمیوں کو ہسپتالوں میں داخل کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ زلزلہ تیسرے درجے کی شدت کا ہے جس کے لیے بیرونی امداد نہیں بلکہ قومی سطح پر امداد کی ضرورت ہے۔

محکمہ انسداد قدرتی آفات کے عہدیداروں نے لوگوں کو متنبہ کیا ہے کہ وہ زلزلے سے متاثرہ عمارتوں میں داخل ہونے سے گریز کریں۔ حکومت نے متاثرہ علاقوں میں فوری امدادی کاررائیوں کے تحت خیمے اور کمبل فراہم کرنا شروع کر دیے ہیں۔

ترکی کے ساتھ ساتھ زلزلے کے جھٹکے ہمسایہ  ممالک شام اور ایران میں بھی محسوس کیے گئے۔

لبنان کے شہر بیروت اور تریپولی میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

یاد رہے کہ ترکی میں زلزلوں کی طویل تاریخ ہے۔ اگست 1999 میں استنبول کے شمال مشرق میں 90 کلومیٹر کی دوری پرآنے والے 7.8 شدت کے زلزلے سے 17،000 سے زیادہ افراد جاں بحق جبکہ پانچ لاکھ افراد بے گھر ہوئے تھے۔

دوسری جانب وزیر اعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں ترکی میں زلزلے سے جانی و مالی نقصان پر اظہار افسوس کیا۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ مشکل گھڑی میں ترک قیادت اور ترک عوام کے ساتھ ہیں، اپنے بیان میں وزیراعظم نے پاکستان کی جانب سےترکی سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے غم زدہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار بھی کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں