مردان: تخت بھائی میں پاک فضائیہ کا تربیتی طیارہ گر کر تباہ، پائلٹ شدید زخمی

مردان (نمائندہ ڈیلی اردو) صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع مردان کی تحصیل تخت بھائی میں پاک فضائیہ کا تربیتی جہاز گر کر تباہ ہو گیا جبکہ حادثے کے نتیجے میں ایک پائلٹ شدید زخمی ہو گیا۔

ریسکیو 1122 ذرائع کے مطابق جہاز مردان کی تحصیل تخت بھائی کے گاؤں آصف کلی میں گرا ہے اور رسالپور ٹریننگ اکیڈمی کا تربیتی طیارہ ہے۔ طیارے کا پائلٹ معمولی زخمی ہے جس کو ایمبولینس میں ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمی پائلٹ کو ایمبولینس میں ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد آرمی ہیلی کاپٹر میں ملٹری ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

دوسری جانب طیارے کے ملبے میں آگ لگی ہوئی ہے جسے بجھنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

واقعے کے حقائق جاننے کیلئے تحقیقاتی بورڈ تشکیل دے دیا گیا ہے۔

یاد رہے 7 فروری 2020 کو پاک فضائیہ کا طیارہ پنجاب کے ضلع جھنگ کی تحصیل شور کوٹ کے قریب گر کر تباہ ہو گیا تھا، حادثے کے نتیجے میں پائلٹ جہاز سے بحفاظت اترنے میں کامیاب رہا تھا۔

اس سے قبل 7 جنوری 2020 کو پاک فضائیہ کا طیارہ تربیتی پرواز کے دوران پنجاب کے ضلع میانوالی کے قریب گر کر تباہ ہوگیا تھا اور حادثے کے نتیجے میں طیارے ایف ٹی سیون میں سوار دونوں پائلٹ شہید ہوگئے تھے، جن کے نام اسکواڈرن لیڈر حارث بن خالد اور فلائنگ آفیسر عبادالرحمان تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں