معروف کامیڈین امان اللّٰہ انتقال کرگئے

لاہور (ڈیلی اردو) اسٹیج، ٹی وی اور فلم کے معروف مزاحیہ فنکار امان اللہ 70 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔

تفصیلات کے مطابق مرحوم امان اللہ کافی عرصے سے گردوں اور پھیپھڑوں کے عارضے میں مبتلا تھےاور گزشتہ کئی روز سے لاہور کے اسپتال میں علاج کی غرض سے داخل تھے۔

کامیڈین امان اللہ 1950ء میں لاہور میں پیدا ہوئے، انہوں نے 860 اسٹیج ڈراموں میں اپنے فن کے جوہر دکھائے۔ انہوں نے پاکستانی فلموں نامعلوم افراد اور ون ٹو کا ون میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھا کر مداحوں سے داد وصول کی۔

امان اللہ کو 2018ء میں ان کی فنی خدمات کے اعتراف میں صدارتی ایوارڈ سے نوازا گیا۔

جنوری میں امان اللہ کو نمونیہ ہونے کے بعد تشویش ناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ ڈاکٹرز نے ان کی حالت کے پیش نظر پہلے آئی سی یو میں رکھا تاہم طبیعت نہیں سنبھل تو ہسپتال انتظامیہ کو انہیں وینٹی لیٹر پر بھی رکھنا پڑا تھا۔

اس دوران ایک موقع پر سوشل میڈیا پر امان اللہ کے انتقال کی افواہ پھیل گئی تھی تاہم ان کی صاحبزادی زرغون اور بیٹے معیز علی نے ان خبروں کی تردید کی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں