پاکستان میں کررونا وائرس سے 4 افراد جاں بحق، 646 افراد متاثر

اسلام آباد (ڈیلی اردو) خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات اجمل وزیر نے صوبے میں کورونا وائرس میں مبتلا ایک اور مریض کی جاں بحق ہونے کی تصدیق کر دی ہے جس کے بعد ملک بھر میں کورونا سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 4 ہو گئی ہے۔

قومی ادارہ صحت کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 185 نئے کیسز کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد یہ تعداد 646 ہوگئی۔

سندھ میں صورتحال انتہائی خراب ہے جہاں متاثرین کی تعداد 292 ہوچکی ہے۔ 638 مریض ملک کے مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں اور 5 افراد زندگی کی جنگ جیت کر گھروں کو لوٹ گئے ہیں۔

پنجاب میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 152، خیبر پختونخوا میں 31، بلوچستان میں 104، گلگت بلتستان میں 55 اور اسلام آباد میں 10 ہوگئی ہے۔ آزاد کشمیر میں ایک کیس سامنے آیا ہے۔

قومی ادارہ صحت کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 14 ہزار 439 افراد کی ملک کے داخلی راستوں پر اسکریننگ کی گئی جس کے دوران کورونا وائرس کے 202 مشتبہ مریض رپورٹ ہوئے۔

دنیا بھر میں کرونا وائرس کے باعث اموات کی تعداد 13 ہزار 69 تک پہنچ گئی جبکہ نئے کیسز کی تصدیق ہونے کے بعد مریضوں کی تعداد 3 لاکھ 8 ہزار 595 تک پہنچ گئی۔ رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں اب تک 95 ہزار 829 مریض صحت یاب ہوئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں