شمالی وزیرستان: گزشتہ روز قتل ہونے والے ملک متورکئی کو سپرد خاک کردیا گیا

میران شاہ (ویب ڈیسک) گزشتہ روز شمالی وزیرستان میں قتل ہونے والے ملک متورکئی کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔

تفصیلات کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے گابیچی میں قتل کیے گئے ملک ماتوڑکے کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی، اس موقع پر علاقہ معززین اور سیکیورٹی فورسز کے آفیسران سمیت بڑی تعداد میں لوگ موجود تھے۔

ذرائع کے مطابق نمازجنازہ میں فوجی آفیسران، مقامی انتظامیہ سمیت علاقہ معززین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ علاقے کی فضاء سوگوار جبکہ ہر آنکھ اشک بار دکھائی دی۔ جاںبحق ہونے والے ملک ماتوڑکے کو قومی پرچم میں سپرد خاک کیا گیا۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ نمازجنازہ میں پشتون تحفظ موومنٹ کی کسی شخصیت یا رہنما نے شرکت نہیں کی۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ نماز جنازہ سے قبل سیکورٹی فورسز نے سیکورٹی کے جناز گاہ کے اطراف سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے تھے۔

واضح رہے کہ پی ٹی ایم کی جانب سے پاک فوج کے افسران پر خواتین سے بدسلوکی کے الزامات پر جرگے کے سامنے حلفیہ طور پر ان الزامات کا دفاع کرنے والے ملک متورکئی کو گزشتہ رات قتل کردیا گیا تھا.

ماتوڑکے نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ چھاپے کے وقت وہ فوج کے ہمراہ تھا فوجی جوانوں نے خواتین سے کسی قسم کی کوئی بد تمیزی نہیں کی اور نہ ہی وہ زبردستی گھروں میں داخل ہوئے، ایسا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا تھا جیسا کہ پی ٹی ایم کی جانب سے بیان کیا جارہا ہے۔

جبکہ مقتول کے لواحقین نے بھی منظور پشتین، محسن داوڑ اور علی وزیر کو قتل کاذمہ دارقرار دیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں