پاکستان میں کورونا وائرس سے 7 افراد جاں بحق، متاثرین کی تعداد 1000 تک پہنچ گئی

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان میں کورونا وائرس سے اب تک مجموعی طور پر 7 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جب کہ ملک بھر میں کیسز کی تعداد 1000 کے قریب ہوگئی ہے۔ دنیا بھر میں کورونا وائرس کے مصدقہ متاثرین کی تعداد 4 لاکھ 22 ہزار 959 سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ ہلاک ہونے والوں کی تعداد 18,907 ہو چکی ہے۔

منگل کو ملک میں مجموعی طور پر 106 کیسز رپورٹ ہوئے جن میں سے خیبرپختونخوا میں 40، پنجاب میں 50 اور سندھ میں 16 افراد میں مہلک وائرس کی تصدیق ہوئی۔

نئے کیسز کی تصدیق کے بعد ملک بھر میں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 990 تک جاپہنچی ہے جب کہ مہلک وائرس سے اب تک 20 افراد صحتیاب ہوچکے ہیں جن میں سے 14 کا تعلق سندھ، 4 کا گلگت بلتستان اور 2 کا تعلق اسلام آباد سے ہے۔

ملک میں کورونا وائرس سے اب تک 7 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جن میں خیبرپختونخوا میں 3، بلوچستان، گلگت بلتستان، سندھ اور پنجاب میں ایک ایک ہلاکت ہوگئی۔

پنجاب

گزشتہ روز پنجاب میں کورونا وائرس سے پہلی ہلاکت سامنے آئی جہاں لاہور کے میو ہسپتال میں 57 سالہ مریض انتقال کرگیا۔

وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے صوبے میں وائرس سے پہلی ہلاکت کی تصدیق کی۔

پنجاب میں منگل کو کورونا وائرس کے مزید 50 کیسز سامنے آئے جس کے بعد صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 296 ہوگئی ہے جس کی تصدیق وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کی۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق صوبے میں کورونا وائرس میں مبتلا افراد میں 176 زائرین شامل ہیں جب کہ لاہور میں 65، گجرات میں 20، جہلم سے 16، گوجرانوالہ 8، ملتان 3، راولپنڈی 2، فیصل آباد 2، سرگودھا، نارووال، منڈی بہاؤ الدین اور رحیم یار خان میں ایک، ایک کیس ہے۔

سندھ

سندھ میں منگل کو مزید 16 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد صوبے میں مجموعی تعداد 410 تک جاپہنچی ہے۔

ترجمان وزارت صحت کے مطابق گزشتہ روز کراچی میں مزید 11 نئے کیس رپورٹ ہوئے جس کے بعد شہر میں متاثرہ افراد کی تعداد 143 تک جاپہنچی ہے جب کہ ایک مریض کا تعلق حیدرآباد اور ایک کا دادو سے ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ کراچی اور دادو میں کورونا وائرس کے 141 مریضوں میں سے 91 افراد کو مقامی طور پر ہی وائرس لگا جبکہ دیگر افراد بیرون ملک سے متاثر ہوکر آئے۔

تفتان سے سکھر آنے والے زائرین میں مزید 5 افراد میں مہلک وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 265 ہوگئی ہے۔

ترجمان کے مطابق کراچی میں منگل کو مزید 10 مریض صحتیاب ہوئے ہیں جس کے بعد صحتیاب افراد کی مجموعی تعداد 14 ہوگئی ہے۔ مزید پڑھیں۔۔۔

صحت یاب ہونے والوں میں سے 13 کا تعلق کراچی اور ایک کا حیدرآباد سے ہے جب کہ ایک مریض انتقال کرچکا ہے۔

خیبرپختونخوا

خیبر پختونخوا میں منگل کو 40 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد صوبے بھر میں متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 78 ہوگئی۔

صوبائی وزارت صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ تفتان سے ڈیرہ اسماعیل خان آنے والے زائرین میں سے 37 افراد میں مہلک وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ صوبے کے دیگر شہروں میں 3 نئے کیسز سامنے آئے۔

صوبائی محکمہ صحت کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک ڈیرہ اسماعیل خان میں 53، پشاور میں 12، مردان میں 6، مانسہرہ میں 3، بونیر، چارسدہ، جنوبی وزیرستان اور کرک میں ایک، ایک مریض میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔

خیال رہے کہ صوبے میں کورونا وائرس سے اب تک 3 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

بلوچستان

بلوچستان میں منگل کو کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا جس کے باعث متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 110 ہے۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں منگل کے روز کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا جس کے بعد متاثرہ کیسز کی تعداد 80 ہی ہے۔

ترجمان گلگت بلتستان حکومت فیض اللہ فراق کے مطابق ضلع نگر میں 34، اسکردو میں 16، گلگت اور شِگر میں 13، 13، کھرمنگ میں 3 اور استور میں ایک کیس رپورٹ ہوا ہے۔

فیض اللہ فراق نے مزید بتایا کہ گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے 4 مریض صحتیابی کے بعد گھر منتقل ہوگئے ہیں۔

خیال رہے کہ گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کی تشخیص کرنے والے ڈاکٹر اسامہ خود بھی اسی مہلک وبا سے انتقال کرچکے ہیں۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی منگل کو کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا اور متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 15 اپنی جگہ برقرار ہے۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر میں کورونا وائرس کا اب تک ایک ہی کیس رپورٹ ہوا ہےجب کہ ریاست میں حکومت نے شہریوں سے احتیاط کرنے کی اپیل کی ہے۔

ملک بھر میں لاک ڈاؤن

پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں مسلسل اضافے کے بعد ملک بھر میں فوج تعینات ہے اور چاروں صوبے لاک ڈاؤن کا اعلان کرچکے ہیں۔

وزارت داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق گلگت بلتستان، آزاد کشمیر میں بھی فوج تعینات کی گئی ہے اور فوج کی خدمات آئین کے آرٹیکل 131 اے کے تحت طلب کی گئی ہیں۔

آزاد کشمیر میں بھی منگل سے 3 ہفتوں کا لاک ڈاون شروع ہو گیا۔

ملک بھر میں تمام مسافر ٹرینیں بند

وزارت ریلوے نے 24 مارچ کی رات 12 بجے سے ملک بھر میں ٹرین آپریشن معطل کردیا ہے جس کے تحت 31 مارچ تک مسافر ٹرینیں بند رہیں گے جس کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

حکومت کا معاشی پیکیج

کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر حکومت نے معاشی پیکیج کا اعلان کردیا ہے جس کے تحت پیٹرول اور ڈیزل 15 روپے فی لیٹر سستا کردیا گیا ہے جب کہ مزدوروں کے لیے 200 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔

دینا بھر میں ہلاکتوں کی تعداد 18,907

دنیا بھر میں کورونا وائرس کے مصدقہ متاثرین کی تعداد 4 لاکھ 22 ہزار 959 سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ ہلاک ہونے والوں کی تعداد 18,907 ہو چکی ہے۔

سب سے زیادہ 6,820 ہلاکتیں اٹلی میں ہوئی ہیں جبکہ چین میں 3,160، سپین میں 2,808، ایران میں 1,934، فرانس میں 1,100، برطانیہ میں 422، نیدرلینڈز میں 276، جرمنی میں 157 جبکہ نیویارک میں اب تک 131 افراد اس وبا کے باعث ہلاک ہو چکے ہیں۔

اگرچہ ہلاکتوں میں اٹلی سرِفہرست ہے مگر کورونا وائرس کے مصدقہ کیسز اب بھی چین میں زیادہ ہیں۔

چین میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 81,591، اٹلی میں 69,176، امریکہ میں 53,740، سپین میں 39,885، جرمنی میں 32,986، ایران میں 24,811، فرانس میں 22,622، ساؤتھ کوریا 9,037، سوئزرلینڈ میں 9,877 جبکہ برطانیہ میں مصدقہ کیسز کی تعداد 8,164 ہے۔

اس وائرس کا شکار 109,144 افراد اب تک صحتیاب بھی ہو چکے ہیں۔ دنیا بھر کے 169 ممالک میں کورونا کے مریض موجود ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں