پاکستان میں کورونا وائرس سے ایک اور مریض جاں بحق، کل تعداد 10 ہوگئی، 1286 متاثر

لاہور (ڈیلی اردو) لاہور میں کورونا وائرس میں مبتلا ایک اور شخص جان کی بازی ہار گیا، جس کے بعد وائرس سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 10 ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت پنجاب نے لاہور کے میو ہسپتال میں کورونا وائرس سے ایک شخص کے جاں بحق ہونے تصدیق کردی اور کہا جاں بحق 70 سالہ شخص محمد حنیف ضلع شیخوپورہ کا رہائشی تھا۔ترجمان ہیلتھ کیئر کا کہنا ہے کہ پنجاب میں کورونا وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 4 ہوگئی ہے، لاہور میں تین اور راولپنڈی میں ایک مریض جاں بحق ہوا۔

ترجمان نے کہا ہے کہ پنجاب میں کورونا وائرس کے 419 کنفرم مریض ہیں، ڈی جی خان سے 207 زائرین، ملتان سے 19 زائرین اور لاہور میں 113 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔ہیلتھ کیئر کے ترجمان کا کہنا تھا کہ گجرات میں 22، گوجرانوالہ میں 8، جہلم میں 19، پنڈی میں 12، ملتان میں 3، فیصل آباد میں 3، منڈی بہاالدین 2 کورونا کے کیسز ہیں۔

ترجمان کے مطابق نارروال، رحیم یار خان اور سرگودھا میں ایک ایک مریض اور اٹک، بہاولنگر میں بھی ایک ایک، میانوالی میں 2 مریضوں میں تصدیق ہوئی۔

خیال رہے ملک بھر میں کورونا کے کیسز کی تعداد 1286ہوگئی ہے، سندھ میں 440، بلوچستان میں 131، خیبرپختونخوا میں 176، گلگت بلتستان میں 91، آزاد کشمیر میں 2 ہوگئی جبکہ متاثرہ 23 مریض صحت یاب ہوئے۔

پاکستان میں مہلک وائرس سے اب تک 25 افراد صحتیاب ہوچکے ہیں جن میں سے 14 کا تعلق سندھ، 6 کا گلگت بلتستان، 2 اسلام آباد، 2 کا خیبر پختونخوا اور ایک کا پنجاب سے ہے۔

کورونا وائرس نے دنیا کے 198ممالک کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے جس سے اب تک 24 ہزار 862 سے زائد افراد ہلاک اور 5 لاکھ 49 ہزار 70 سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں۔ کورونا وائرس سے متاثرہ ایک لاکھ 28 ہزار 620 افراد صحت یات ہو چکے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں