پاکستان میں کورونا وائرس سے 12 افراد جاں بحق، 1500 متاثر

اسلام آباد (ڈیلی اردو) خیبرپختونخوا کے ضلع لوئر دیر میں کورونا وائرس سے خاتون کے جاں بحق ہونے کے بعد ملک میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 12 ہوگئی جب کہ ملک میں مزید نئے کیسز کے بعد مصدقہ کیسز کی تعداد 1496 تک جا پہنچی ہے۔

چند روز قبل لوئر دیر کے علاقے مدینہ آباد زیارت تالاش گاؤں کی خاتون جاں بحق ہوگئی تھیں جن میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

اسسٹنٹ کمشنر تیمر گرہ سعادت حسن کے مطابق کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد پورے گاؤں کو قرنطینہ قرار دے دیا گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر لوئر دیر کا مزید کہنا ہے کہ 25 مارچ کو مریضہ کا ہسپتال کے آئی سی یو میں انتقال ہوا، جاں بحق خاتون 15 مارچ کو سعودی عرب میں عمرہ کر کے لاہور سے لوئر دیر آئی تھی۔

ڈپٹی کمشنر کے مطابق وفات پانے والی خاتون کے رشتہ داروں کے بھی ٹیسٹ کیے جائیں گے جب کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے علاقے میں مساجد سے اعلانات بھی کیے جارہے ہیں۔

کورونا وائرس سے خیبرپختونخوا میں یہ چوتھی اور ملک میں مجموعی طور پر 12 ویں ہلاکت ہے جن میں سے پنجاب میں 5 جبکہ بلوچستان، سندھ اور گلگت میں ایک ایک ہلاکت ہوچکی ہے۔

کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر اسلام آباد کی جانب سے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں 557، سندھ میں 469، خیبر پختونخوا میں 188، بلوچستان میں 133، گلگت بلتستان میں 107، اسلام آباد میں 39 جبکہ آزاد کشمیر میں دو کیسز رپورٹ ہوئے۔ مجموعی کیسز میں سے 25 افراد صحت مند ہوچکے ہیں جبکہ سات کی حالت نازک ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں