پاکستان میں کررونا سے مزید 6 افراد جاں بحق، مجموعی تعداد 23 تک پہنچ گئی، 1763 متاثر

اسلام آباد (ویب ڈیسک) کورونا وائرس کے باعث آج پنجاب اور سندھ میں مزید 3، 3 افراد کی ہلاکتوں کے بعد ملک میں مہلک وائرس سے اموات کی مجموعی تعداد 23 تک پہنچ گئی جب کہ متاثرہ مریضوں کی تعداد 1763 ہو گئی ہے۔

کورونا وائرس کے حوالے سے پاکستان کے لیے آج کا دن انتہائی ہولناک رہا ہے جب ایک ہی دن میں 6 افراد موت کے منہ میں چلے گئے۔

پنجاب حکومت کی ترجمان کے مطابق پنجاب میں آج مہلک وائرس سے متاثرہ 3 افراد انتقال کرگئے۔

ان کا کہنا تھا کہ جاں بحق مریضوں کی عمریں 70، 55 اور 42 سال تھیں اور ان میں سے 2 مریضوں کی ٹریول ہسٹری بھی موجود تھی۔

صوبے میں مزید 3 افراد کے جاں بحق ہونے کے بعد اموات کی تعداد 9 ہوگئی ہے جن میں سے 4 لاہور، 3 راولپنڈی جبکہ فیصل آباد اور رحیم یار خان میں ایک ایک شخص کا انتقال ہوا ہے۔

سندھ میں بھی آج کورونا وائرس سے 3 افراد جاں بحق ہوئے جس کی تصدیق صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے بھی کی۔

انہوں نے بتایا کہ آج کراچی میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 3 ہوگئی ہے۔

صوبائی وزیر صحت کے مطابق کچھ دیر قبل انتقال کرجانے والی 63 سالہ خاتون کا تعلق کراچی سے ہے، جنہیں دمے کی بیماری اور سانس لینے میں تکلیف جیسے مسائل کا سامنا تھا۔

وزیر صحت کے مطابق متاثرہ خاتون 10 دن پہلے سعودی عرب سے وطن واپس پہنچی تھیں۔

قبل ازیں جاں بحق ہونے والے دیگر 2 افراد کے حوالے سے ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے بتایا کہ کراچی کے رہائشی 66 اور 52 سالہ مریضوں میں چند روز قبل مہلک وائرس کی تصدیق ہوئی تھی جس کے بعد وہ زیر علاج تھے تاہم آج دونوں مریض انتقال کرگئے۔

آج ہونے والی 6 ہلاکتوں کے بعد ملک بھر میں مہلک وائرس سے جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 23 ہوگئی ہے جن میں سے پنجاب میں 9، سندھ میں 6، خیبرپختونخوا میں 5 جبکہ گلگت بلتستان میں 2 اور ایک بلوچستان میں ہلاکت ہوئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں