لاہور: تبلیغی اجتماع سے کررونا وائرس پھیل گیا، رائیونڈ سٹی مکمل لاک ڈاؤن

لاہور (نمائندہ ڈیلی اردو) صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کی ضلعی انتظامیہ نے تبلیغی جماعت کے مرکز رائیونڈ کی ملحقہ آبادیوں کا مکمل لاک ڈاون کر دیا ہے، لاک ڈاؤن تبلیغی مرکز میں کرونا وائرس کے 200 کیسز سامنے آنے پر کیا گیا ہے۔

رائیونڈ سٹی کے تبلیغی اجتماع سے کورونا کے کیسز سامنے آنے پر پورے علاقے کو قرنطینہ کر دیا گیا ہے۔ علاقے میں موجود تمام جنرل سٹورز بھی آج شام 5 بجے بند کروا دیئے گئے۔ گلیوں میں پولیس اور رینجرز کا گشت جاری ہے۔

اسسٹنٹ کمشنر شیخوپورہ کے مطابق تبلیغی مرکز رائیونڈ سے 800 افراد کو کالاشاہ کاکو قرنطینہ منتقل کیا جا رہا ہے۔

اے ایس پی رائے ونڈ رضا تنویر نے کہا کہ رائے ونڈ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر پاک فوج اور رینجر کے جوان تعینات کردیے ہیں۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ کررونا ٹیسٹ مثبت آنے پر ان تمام افراد کو شیخوپورہ کے علاقے کالا شاہ کاکو اور قصور کے قرنطینہ مراکز منتقل کیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ رائیونڈ تبلیغی مرکز میں اس وقت بھی 2200 افراد موجود ہیں، اجتماع گاہ میں موجود افراد کی اسکریننگ کا عمل جاری ہے۔

لوگوں کو گھروں میں رہنے کے لیے اعلانات کیے جا رہے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ شہریوں سے درخواست ہے کہ گھروں میں محفوظ رہیں۔

لاہور میں کورونا وائرس کے بڑھتے خدشات کے باعث صورتحال دن بہ دن سنگین ہوتی چلی جا رہی ہے۔ شہر میں وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 4 جبکہ مزید 2 مریضوں میں تشخیص کے بعد متاثرہ افراد 144 ہوگئے۔ صوبہ بھر میں اموات 9 اور مبتلا مریض 676 ریکارڈ کیے جاچکے ہیں۔

صوبائی محکمہ صحت کی جانب سے صوبے میں مزید 25 کیسز کی تصدیق کی گئی جس کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 676 ہوگئی ہے۔

محکمہ صحت نے بتایا کہ لاہور میں 130، گجرات 62، جہلم 28، راولپنڈی 44، ننکانہ 13، گوجرانوالہ 11، فیصل آباد 9، حافظ آباد اور  ڈی جی خان 5، منڈی بہاوالدین 4، رحیم یار خان  اور  میانوالی 3 جب کہ ملتان، وہاڑی اور سرگودھا میں 2،2 کیس ہیں۔

اس کے علاوہ نارووال، اٹک، خوشاب، بہاولپور، بہاول نگر ،قصور اور لیہ میں ایک ایک کیسز ہیں۔

گزشتہ روز پنجاب میں کورونا وائرس سے مزید 3 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد صوبے میں مجموعی طور پر ہلاکتوں کی تعداد 9 ہوگئی۔

پنجاب میں اب تک ہونے والی ہلاکتوں میں سے لاہور میں 4، راولپنڈی 3 جبکہ رحیم یار خان اور فیصل آباد میں ایک ایک ہلاکت ہوئی ہے۔ خیال رہے کہ صوبے میں اب تک 5 افراد صحتیاب بھی ہوچکے ہیں۔

کورونا وائرس سے مزید 3 افراد کے جاں بحق ہونے کے بعد مہلک وائرس سے پاکستان میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 26 ہوگئی جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد بھی 1969 تک جاپہنچی ہے۔

پاکستان میں اب تک کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں میں سے پنجاب میں سب سے زیادہ 9 ہلاکتیں ہوچکی ہیں جب کہ سندھ میں 8 اور خیبرپختونخوا میں 6 افراد وائرس سے جاں بحق ہوچکے ہیں۔  اس کے علاوہ گلگت بلتستان میں 2 اور  بلوچستان میں ایک شخص جاں بحق ہوا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں