پاکستان کے سابق کرکٹر ظفر سرفراز کورونا وائرس کی وجہ سے انتقال کرگئے

پشاور (ڈیلی اردو) پاکستان کے سابق فرسٹ کلاس کرکٹر ظفر سرفراز کورونا وائرس کی وجہ سے انتقال کرگئے، ان کی عمر 52 برس تھی۔

تفصیلات کے مطابق ظفر سرفراز میں 6 روز قبل کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی اور وہپشاور کے لیڈی ریڈنگ اسپتال میں زیر علاج تھے۔

ظفر سرفراز نے پشاور کی جانب سے فرسٹ کلاس میچوں میں حصہ لیا، وہ گزشتہ 3 روز سے وینٹی لیٹر پر تھے۔

ظفر سرفراز نیشنل بینک آف پاکستان میں کیشیئر تھے ان کے قریبی لوگوں کا ماننا ہے کہ کیش گنتی کے دوران نوٹوں سے انہیں وائرس لگا تھا جس کے باعث ہسپتال میں جانبر نہ ہوسکے۔

ترجمان لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے مطابق سابق کرکٹر ظفر سرفراز کو 6 روز قبل کووڈ۔ 19 یعنی کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی جس کے بعد انہیں پشاور کے لیڈی ریڈنگ اسپتال لایا گیا جہاں وہ زیرِ علاج تھے۔

بعد ازاں 50 سالہ سابق کرکٹر کی طبعیت بگڑ گئی تھی اور پھر انہیں وینٹی لیٹر پر منتقل کردیا گیا تھا، 3 روز وینٹی لیٹر پر رہنے کے بعد بھی ظفر سرفراز کی طبیعت سنبھل نہ سکی اور وہ انتقال کر گئے۔

خیبر پختونخوا کے اسپورٹس رائٹرز ایسوسی ایشن کے صدر اعجاز احمد کے مطابق ظفر سرفراز نے پشاور کے لیے فرسٹ کلاس میچ کھیلے تھے۔

1969 میں پیدا ہونے والے ظفر سرفراز لیفٹ ہینڈ بلے باز اور سلو لیفٹ آرم کے آرتھوڈوکس بولر تھے، انہوں نے 1988 سے 1994 تک فرسٹ کلاس اور 1990 سے 1992 تک لسٹ اے کھیلی، ظفر سرفراز نے پشاور کے لیے 15 ایف سی گیمز کھیلے۔

ظفر سرفراز قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی اختر سرفراز کے بڑے بھائی تھے جن کا گزشتہ سال انتقال ہوا تھا۔

واضح رہے کہ پاکستان میں اب تک عالمی وباء کورونا وائرس سے 5716 افراد کورونا وائرس سے متاثر جبکہ 96 افراد موت کی نیند سوچکے ہیں۔ اس کے علاوہ 1097 افراد صحتیاب ہوچکے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں