پاکستان میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 207 ہوگئی، 9665 متاثر

اسلام آباد (ویب ڈیسک) ‏پاکستان میں کورونا وائرس تشویشناک حد تک تیزی سے پھیل رہا ہے اور حالیہ دنوں میں کیسز میں تیزی کے بعد متاثرین کی تعداد 9 ہزار 665 جبکہ اموات 207 تک پہنچ چکی ہیں۔

اس عالمی وبا سے نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا کے 185 سے زائد ملک متاثر ہیں اور اس وقت امریکا اس وائرس کے پھیلاؤ کا مرکز بنا ہوا ہے۔

پاکستان میں بھی اس وائرس کے پھیلاؤ میں رواں ماہ سے تیزی دیکھنے میں آئی تاہم گزشتہ 2 سے 3 روز میں نہ صرف کیسز بلکہ اموات میں اچانک اضافہ ہوگیا۔

20 اپریل کو ملک میں ایک ہی روز میں 24 اموات ہوئیں جو ملک میں ایک دن میں سب سے زیادہ اموات کا ریکارڈ ہے۔

اگرچہ اس وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ملکی سطح پر مختلف پابندیاں اور جزوی لاک ڈاؤن نافذ ہے تاہم اس کے باوجود روزانہ ایسی تصاویر اور ویڈیوز سامنے آتی ہیں جس میں حکومتی ہدایات کی خلاف ورزی کی جارہی ہوتی ہے۔

اگر آج (21 اپریل) کو بھی کورونا وائرس کے نئے کیسز سامنے آئے۔

آج سندھ میں منگل کو بھی مزید 289 کیسز اور 5 اموات سامنے آئیں۔

اس حوالے میں ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 2 ہزار 191 مزید ٹیسٹ کیے گئے جس کے بعد اب تک کیے گئے ٹیسٹ کی تعداد 28 ہزار 249 ہوگئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے میں مزید 289 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی جس کے بعد متاثرین کی مجموعی تعداد 3053 ہوگئی۔

ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ صوبے میں مزید 5 اموات کے ساتھ ہی اموات کی تعداد 66 ہوگئی۔

ترجمان مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 30 افراد وائرس سے شفایاب ہوئے اور اب تک مجموعی صحتیاب افراد کی تعداد 665 ہوگئی۔

ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر ڈیپارٹمنٹ نے پنجاب میں مزید 60 کیسز سامنے آنے کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد 4255 ہوگئی۔

انہوں نے کہا کہ 742 زائرین سینٹرز، 1857 رائے ونڈ سے منسلک افراد، 97 قیدیوں اور 1545 عام شہریوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

ترجمان نے مزید 4 مریضوں کے جاں بحق ہونے کی بھی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں اموات کی تعداد 49 ہوگئی ہے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مزید 4 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے۔

سرکاری سطح پر کورونا وائرس کی اپ ڈیٹ جاننے کے لیے بنائی گئی ویب سائٹ کے مطابق اسلام آباد میں 4 نئے کیسز کے بعد متاثرین کی تعداد 185 تک پہنچ گئی۔

وزیر صحت خیبر پختونخوا تیمور خان جھگڑا نے کورونا وائرس کے 69 نئے کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد 1345 ہوگئی۔

انہوں نے مزید 6 مریضوں کے جاں بحق ہونے کی بھی تصدیق کی جس کے بعد یہاں اموات کی تعداد 80 ہوگئی ہے۔

بلوچستان حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی نے کورونا وائرس کے 30 نئے کیسز سامنے آنے کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 495 ہوگئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مقامی سطح پر کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد میں تیزی سے اضافہ باعث تشویش ہے۔

اسی طرح گلگت بلتستان بھی کورونا وائرس سے متاثر ہوا اور وہاں مزید 18 افراد اس عالمی وبا کا نشانہ بنے۔

جس کے بعد گلگت بلتستان میں کورونا متاثرین کی تعداد 263 سے بڑھ کر 281 ہوگئی۔

آزاد کشمیر میں بھی کورونا وائرس کے 2 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔

ان نئے کیسز کے بعد آزاد کشمیر میں متاثرین کی تعداد 51 ہوگئی۔

خیال رہے کہ اس وقت ملک میں سب سے کم متاثر علاقہ آزاد کشمیر ہے۔

تاہم جہاں یہ متاثرین بڑھ رہے ہیں وہی صحتیاب افراد کی تعداد میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔

سرکاری ویب سائٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 96 افراد وائرس کو شکست دینے میں کامیاب ہوگئے۔

ان نئے صحتیاب افراد کے بعد ملک میں مجموعی طور پر شفایاب ہونے والوں کی تعداد 2 ہزار 66 ہوگئی۔

مزید برآں ان نئے کیسز کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر ایک نظر ڈالیں تو پنجاب کے کیسز سب سے زیادہ 4 ہزار 255 ہے۔

اس کے بعد سندھ کے کیسز کی تعداد 3053، خیبرپختونخوا 1345 اور بلوچستان میں 495 افراد وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں۔

اسی طرح اسلام آباد میں 185، گلگت بلتستان میں 281 اور آزاد کشمیر میں 50 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔

علاوہ ازیں سب سے زیادہ اموات خیبرپختونخوا میں ہوئی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں