پاکستان کے معروف اداکار اطہر شاہ خان جیدی کراچی میں انتقال کر گئے

کراچی (ڈیلی اردو) پاکستان کے ممتاز شاعر، ڈرامہ نگار، فلم ساز اور ٹیلی ویژن کے کردار ’جیدی‘ سے شہرت حاصل کرنے والے معروف اداکار اطہر شاہ خان انتقال کر گئے ہیں۔

ان کا انتقال اتوار کی صبح کراچی میں ہوا اور وہ ایک طویل عرصے سے علیل تھے۔

تفصلات کے مطابق پاکستان کے ممتاز شاعر، ٹی وی، ٹھیٹر، ڈراموں اور فلموں میں یاد گار کردار نبھانے والے معروف اداکار اطہر خان جیدی طویل علالت کے بعد کراچی میں انتقال کر گئے، انہوں نے متعدد ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے تاہم جیدی کے کردار نے شہرت کی بلندیوں پر پہنچایا۔

اطہر شاہ خان کہانی نویس اور شاعر بھی تھے، یکم جنوری 1943ء میں برطانوی ہندوستان کی ریاست رام پور میں پیدا ہوئے، اطہر شاہ خان نے ٹیلی وژن اور سٹیج پر بطور ڈرامہ نگار اپنے تخلیقی کام کا آغاز کیا، وہ اپنے تخلیق کردہ مزاحیہ کردار “جیدی” سے پہچانے جاتے ہیں، مزاحیہ شاعری میں بھی “جیدی” تخلص کرتے ہیں۔

انہوں نے سوگواران میں بیوی اور چار بیٹے چھوڑے ہیں۔

انہوں نے پاکستان ٹیلی وژن کے پیش کردہ مزاحیہ مشاعروں کے سلسلہ “کشت زعفران” سے مزاحیہ شاعری میں مقبولیت حاصل کی، اہلخانہ کے مطابق وہ کئی سال سے علیل تھے، نماز جنازہ آج کراچی میں ادا کی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں