پاراچنار: شیعہ رہنماؤں کا جنت البقیع میں اہلبیت اطہار اور حضرت عمر بن عبدالعزیز کے مزارات کی مسماری کی مذمت

پاراچنار (محمد صادق) مجلس وحدت مسلمین پاکستان اور تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے رہنماؤں نے جنت البقیع میں اہلبیتؑ اطہار اور صحابہ کرامؓ کے مزارات کی مسماری کی مذمت کرتے ہوئے فوری دوبارہ تعمیر کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ اس اہم مسلے کے حل میں مسلمان حکمران اپنا کردار ادا کریں۔

تفصیلات کے مطابق قبائلی ضلع کرم کے ہیڈ کوارٹرز پاراچنار میں الگ الگ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان (ایم ڈبلیو ایم) کے رہنماؤں سید نقی شاہ فخری، علامہ آغا مزمل حسین، محمد سلطان اور تحریک نفاذ فقہ جعفریہ حامد موسوی گروپ کے رہنماؤں شبیر حسین طوری، یوسف حسین، مولانا ابرار حسین اور دیگر رہنماؤں نے کہا کہ جنت البقیع میں پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بیٹی حضرت زہراء سلام اللہ علیہا، اہل بیت اطہار اور صحابہ کرام رضوان اللہ تعالیٰ کے مزارات کو انہدام کو انتہائی ظالمانہ اقدام قرار دیا اور سعودی حکومت سے فوری دوبارہ تعمیر کا مطالبہ کیا۔

شیعہ رہنماؤں نے مزید کہا کہ اگر سعودی حکومت مسمار مقدس مقامات اور مزارات کی دوبارہ تعمیر نہیں کرنا چاہتی تو انہیں تعمیر کی اجازت دی جائے۔

شیعہ رہنماؤں نے شام میں داعش کے ہاتھوں حضرت عمر بن عبدالعزیز رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی مزار کی مسمار کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کی اور تمام مسلمان حکمرانوں سے اپیل کی کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بیٹی حضرت فاطمتہ الزہرا سلام اللہ علیہا، اہل بیت اطہار علیہ السلام اور تمام صحابہ کرام رضوان اللہ تعالیٰ اجمعین کی مسمار مزارات کی فوری تعمیر میں کردار ادا کیا جائے اور سعودی حکومت کو مزارات کی دوبارہ تعمیر کرنے پر مجبور کیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں