آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس: نیب نے شہباز شریف کو گرفتار کرلیا

لاہور (اے ڈی شہزاد) قومی احتساب بیورو (نیب) نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی شہباز شریف کو گرفتار کرلیا۔

نیب ذرائع نے بتایا کہ شہباز شریف کو گرفتار کرکے نیب لاہور کے دفتر منتقل کردیا جائے گا۔

نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کو کل احتساب عدالت میں جسمانی ریمانڈ کے لیے پیش کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں شہباز شریف کو آج نیب نے طلب کر رکھا تھا تاہم شہباز شریف نے نیب میں پیش ہونے کی بجائے جواب جمع کرایا تھا۔ شہباز شریف کے نمائندے نے اثاثہ جات کے حوالہ سے تفصیلی جواب جمع کروایا۔

شہباز شریف ہائی کورٹ میں قبل از گرفتاری ضمانت کی تاریخ نہ ملنے پر پیش نہیں ہوئے۔ اس سے قبل شہباز شریف 2 بار کورونا کو جواز بنا کر نیب میں پیش نہیں ہوئے ہیں وہ آخری بار 22 اپریل کو نیب میں پیش ہوئے تھے، گزشتہ پیشی پر نیب ٹیم شہباز شریف کے جواب سے مطمئن نہیں ہوئی تھی جس کے بعد انہیں دوبارہ طلب کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے منی لانڈرنگ کیس میں گرفتاری سے بچنے کیلئے لاہور ہائی کورٹ میں عبوری ضمانت کی درخواست دائر کر رکھی ہے۔ امجد پرویز ایڈووکیٹ کی وساطت سے شہباز شریف نے درخواست دائر کی جس میں چیئرمین نیب سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں