سری نگر: بھارتی سیکیورٹی فورسز کے سرچ آپریشن میں 13 کشمیری مجاہدین ہلاک

سری نگر (ڈیلی اردو) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نےضلع پلوامہ میں مزید 2 کشمیری مجاہدین کو ہلاک کردیا۔

24 گھنٹوں میں ہلاک مجاہدین کی تعداد 15 ہوگئی، گزشتہ روز بھارتی فوج نے مختلف مقامات پر سرچ آپریشنز کے دوران 13 کشمیری مجاہدین کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔

بھارتی فوج نے پیر کو دعویٰ کیا تھا کہ اس نے کنٹرول لائن کے نوشہرہ اور مینڈھر سیکٹروں میں الگ الگ جھڑپوں کے دوران 13 مشتبہ عسکریت پسندوں (مجاہدین) کو ہلاک کر دیا ہے۔

جموں میں بھارتی فوج کے عہدے داروں نے غیر ملکی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ ہلاک کیے گئے افراد ان کے بقول ‘دہشت گرد’ تھے جو پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر سے بھارتی کشمیر میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔

بھارتی فوج کے ایک ترجمان نے کہا کہ”اگر وہ اپنی کوشش میں کامیاب ہو جاتے تو ظاہر ہے کہ وہ دہشت گردی اور تخریبی کارروائیاں کرتے۔”

عہدے داروں کے مطابق مصدقہ اطلاع پر بھارتی فوج نے 28 مئی کو پونچھ اور راجوری اضلاع کے سرحدی علاقوں میں بڑے پیمانے پر ‘در اندازی مخالف آپریشنز’ کا آغاز کیا۔ اس دوران مینڈھر سیکٹر میں دس اور نوشہرہ سیکٹر میں تین مجاہدین کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

بھارتی فوج کے افسران کا کہنا ہے کہ کنٹرول لائن کے نوشہرہ اور مینڈھر سیکٹروں میں پیش آئی جھڑپوں کے ساتھ ہی ضلع پونچھ اور ضلع راجوری کے کئی سرحدی علاقوں میں تلاشی کا عمل جاری ہے۔

پاکستان کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں جعلی مقابلوں کے دوران کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل کی شدید مذمت کی گئی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ عالمی برادری کورونا سے لڑ رہی ہے اور بھارت کشمیری عوام پر ظلم بڑھا رہا ہے، ایک دن میں 13 کشمیریوں کا قتل بھارتی حکومت کےانسانیت کیخلاف جاری جرائم کا واضح ثبوت ہے، بھارتی مظالم کشمیری عوام کے جذبہ آزادی کو نہیں دبا سکتے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں