جنوبی وزیرستان میں گاڑی پر فائرنگ، قبائلی سردار ملک سر مرجان سمیت چار افراد ہلاک

اسلام آباد (ش ح ط) صوبہ خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع جنوبی وزیرستان کی تحصیل برمل میں نامعلوم کار سواروں کی فائرنگ سے قبائلی سردار ملک سر مرجان سمیت چار افراد ہلاک ہوگئے جبکہ ایک زخمی کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

تفصیلات کے مطابق جنوبی وزیرستان کی تحصیل برمل کے علاقہ مانڑہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے قبائلی مشر سمیت 4 افراد ہلاک جبکہ ایک مزدور شدید زخمی ہوگیا ہے۔

سرکاری ذرائع کے مطابق قبائلی مشر سرمرجان المعروف سرمائی خان صبح گھر سے شاہ عالم بازار جارہا تھا کہ راستے میں ایک کار میں سوار نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی، فائرنگ کے نتیجہ میں قبائلی ملک سر مرجان اس کا بھتیجا اسلم خان اور دیگر 2 مزدور موقع پر ہی ہلاک ہوگئے ہیں، جبکہ سرمرجان کا بیٹا حضرت عمر شدید زخمی ہوگیا ہے، جن کو فوری طور پر شیخ فاطمہ ہسپتال شاہ عالم منتقل کردیا گیا، ہسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمی نوجوان کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

ہلاک ہونے والے 2 مزدوروں کا تعلق ضلر لکی مروت سے بتایا جارہا ہے، جو کہ قبائلی مشر (ملک) سرمرجان کے ساتھ ایک سرکاری ٹیوب ویل پر کام کررہے تھے۔

اس حملے کی ذمہ داری تاحال کسی گروپ یا تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں