سندھ: جامشورو میں عورت کو سنگسار کر دیا گیا

کراچی (نمائندہ ڈیلی اردو) صوبہ سندھ کے ضلع جامشورو کے نواحی گاؤں وڈا چھچھر میں ایک عورت کو مبینہ طور پر سنگسار کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق، نواحی گاؤں وڈا چھچھر میں شادی شدہ عورت وزیراں چھچھر کی نعش انڈس ہائی وے سے ملی ہے۔ جسے پتھر مار مار کر قتل کیا گیا تھا۔

مقامی ذرائع کے مطابق عورت کی اولاد نہیں تھی جس کی وجہ سے انکے شوہر علی بخش چھچھر کے ساتھ تعلقات ٹھیک نہیں تھے اور وزیراں کو گھر میں اکثر تشدد کا نشانہ بھی بنایا جاتا تھا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کا مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے اور وزیراں کی پوسٹ مارٹم رپورٹ کی روشنی میں تفتیش کو آگے بڑھائیں گے۔

پولیس نے بتایا کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق وزیراں بی بی کو تشدد کر کے قتل کیا گیا۔ اس کا چہرا اور جسم کی ہڈیاں ٹوٹی ہوئی تھیں۔ پولیس نے مزید بتایا کہ عورت کے قتل کے بعد اس کے گھر کے افراد فرار ہوگئے تھے لیکن پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم علی بخش اور دیور کریم بخش کو گرفتار کر لیا۔

پولیس نے بتایا کہ عورت کا دوپٹہ اور چپل گھر سے ملے ہیں۔ جب کہ جائےء وقوعہ سے پتھر ملے ہیں جن پہ خون کے نشانات واضح طور پر موجود ہیں۔

ادھر سندھ کے قومی عوامی تحریک کے صدر ایاز لطیف پلیجو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر انکشاف کرتے ہوئے اس عورت کی تصاویر بھی شیئر کی ہیں۔

ایاز لطیف پلیجو کا کہنا ہے کہ جامشورو ضلع کے نواحی گاؤں وڈا چھچھر میں وزیراں چھچھر نامی عورت کو وحشیانہ طور پر پتھروں سے سنگسار کر کے بیدردی سے قتل کی گئی ہے۔

ایاز لطیف پلیجو کہتے ہیں کہ یہ وزیراعلیٰ سندھ کا آبائی ضلع ہے، ابھی تک قاتل گرفتار نہیں ہوئے۔ دیہی علاقوں کو خواتین کے لئے مقتل بنا دیا گیا ہے۔

ایازلطیف پلیجو کہتے ہیں کہ حکومت اور عدلیہ سب کو نوٹس لینا چاہیے اوراس قتل کی تحقیقات کے ساتھ ساتھ باقی قتلوں کے متعلق بھی حقائق سامنے لانے چاہیں‌۔

اپنا تبصرہ بھیجیں