کرپشن کے الزامات پر مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا اجمل وزیر عہدے سے فارغ

پشاور (ڈیلی اردو) وزیراعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے کرپشن کے الزامات پر مشیر اطلاعات اجمل وزیر کو ان کے عہدے سے فارغ کردیا۔

خیبر پختونخوا حکومت کے نوٹی فکیشن کے مطابق اجمل خان وزیر سے فوری طور پر مشیر برائے اطلاعات اور تعلقات عامہ کا قلمدان واپس لے لیا ہے۔ ان کی جگہ محکمہ اطلاعات کی وزرات کامران بنگش کے حوالے کردی گئی ہے۔

اس حوالے سے خیبرپختونخوا کے نئے مشیر اطلاعات کامران بنگش نے میڈیا کو بتایا کہ ایک آڈیو لیک ہونے کے بعد اجمل وزیر کو عہدے سے ہٹایا گیا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اجمل وزیر کی جانب سے اشتہاری ایجنسی سے کمیشن لینے کی کچھ چیزیں سامنے آئی ہیں۔ آڈیو میں گفتگو کے دوران اجمل وزیر اور اشتہاری ایجنسی کے مالک کے درمیان کمیشن کی ڈیل ہوئی تھی۔ آڈیو سامنے آنے پر وزیر اعظم عمران خان نے اجمل وزیر کو عہدے سے ہٹانے کا حکم دیا تھا۔

کامران بنگش نے کہا کہ اجمل وزیر پر کرپشن چارجز کی فرانزک تحقیقات کی جائیں گی۔

دوسری جانب وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے چیف سیکریٹری کاظم نیاز کو معاملے کی تحقیقات کا حکم بھی دے دیا ہے۔

واضح رہے کہ اجمل وزیر کو رواں برس ہی شوکت یوسف زئی کی جگہ اطلاعات کا قلمدان سونپا گیا تھا۔ گزشتہ رات بلڈ پریشر کی وجہ سے اجمل وزیر اسپتال میں کئی گھنٹے زیر علاج رہے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں