ملک بھر میں 15 ستمبر سے تعلیمی ادارے کھول دیے جائیں گے، وفاقی وزیر تعلیم

اسلام آباد (ڈیلی اردو) وفاقی وزیر برائے تعلیم شفقت محمود نے بتایا ہے کہ ملک بھر میں 15 ستمبر سے اسکول، کالجز اور جامعات سمیت تمام تعلیمی ادارے کھول دیے جائیں گے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ تعلیمی ادارے کھولنے سے قبل اگست میں صحت کے حوالے سے معاملات کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ تعلیمی ادارے کھولنے سے قبل ایس او پیز تشکیل دیے جائیں گے اور اس سلسلے میں متعدد تجاویز موصول ہوئی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ لاک ڈاؤن کے دوران آن لائن تعلیم کے حوالے سے ان علاقوں میں مقیم طلبا کو بہت زیادہ نقصان ہوا جہاں انٹرنیٹ کی بہتر سہولیات میسر نہیں تھیں۔ اس لیے ان طالبعلموں کے لیے عید کے بعد جامعات کو 30 فیصد گنجائش پر طلبہ کو ہاسٹلز میں آنے کی اجازت دی جائے گی۔

وفاقی وزیر تعلیم نے کہا کہ جن طلبا کو بلایا جائے گا اور جو اساتذہ اپنی تیاری کے لیے آئیں گے ان کی صحت سے متعلق اقدامات کیے جائیں اور ایس او پیز پر عملدرآمد کروایا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں