سعودی ولی عہد کا دورہ پاکستان: نور خان ایئر بیس تمام فضائی آپریشن کیلئے بند

اسلام آباد (ویب ڈیسک) سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان پر سول ایوی ایشن اتھارٹی نے حفاظتی اقدامات کے لیے اہم اقدامات کرلیے، نورخان ایئر بیس کو تمام فضائی آپریشن کے لئے بند کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی پاکستان آمد سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے سیکیورٹی الرٹ جاری کر دیا گیا۔

اس حوالے سےسول ایوی ایشن اتھارٹی کے احکامات پر نور خان ایئر بیس کو تمام فضائی آپریشن کے لئے بند کر دیا گیا ہے، سول ایوی ایشن ذرائع کا کہنا ہے کہ ملکی اور غیر ملکی ایئر لائنز سمیت تمام چارٹرڈ سروس کو بھی نوٹم کے ذریعے مطلع کر دیا گیا۔

احکامات کے مطابق مسافروں کی آمدو رفت نیو اسلام آباد ایئر پورٹ پر کی جائے گی، ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی پاکستان آمد پر آج رات 12 بجے سے اگلے 24 گھنٹے تک نور خان ایئر بیس پر تمام فضائی آپریشن بند رہے گا۔

غیر ملکی کارگو اور چارٹرڈ طیارے نیو اسلام آباد ایئر پورٹ کی فضائی حدود استعمال کر سکیں گے۔

واضح رہے کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمدبن سلمان کی پاکستان آمد کے موقع پر اسلام آباد میں ان کے فقیدالمثال استقبال کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، راولپنڈی میں دفعہ ایک سو چوالیس نافذ کر دی گئی ہے۔

مہمان خاص کو گارڈ آف آنر پیش کرنے کے ساتھ اکیس توپوں کی سلامی بھی دی جائے گی، اس کے علاوہ شہزادہ محمد بن سلمان کو ملک کے سب سے بڑےاعزاز نشان امتیاز سے نوازا جائے گا۔

قبل ازیں ان کی آمد 16 فروری کو متوقع تھی، البتہ پاکستان دفتر خارجہ کے مطابق سعودی ولی عہد اتوار کے روز پاکستان پہنچیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں