مولانا طاہر اشرفی کا بیٹا بلال طاہر جعلی کرنسی کیس میں ‌گرفتار

کامونکی (ڈیلی اردو) علما کونسل پاکستان کے سابق چیئرمین علامہ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کا بیٹا جعلی کرنسی کیس میں ‌گرفتار کرلیا گیا۔ صوبہ پنجاب کے ضلع گوجرانوالہ کی تحصیل کامونکی میں مولانا طاہر اشرفی کے بیٹے کو جعلسازی کے کیس میں‌ گرفتار کرلیا گیا۔

پولیس کے مطابق بلال طاہر اشرفی کیخلاف تھانہ تتلے عالی میں دفعہ 418/420 /489-B کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔ مدعی تحیسن کھرل نے درخواست دی کہ بلال طاہر اشرفی نے لینڈ کروزر خرید کر 52 لاکھ 63 ہزار کی جعلی کرنسی دی، بینک رقم جمع کروانے گیا تو کرنسی جعلی ہونے کے متعلق پتہ چلا، مقدمہ میں مولانا طاہر اشرفی کے بیٹے سمیت تین ملزمان نامزد اور دو نامعلوم ہیں۔

سرکاری ذرائع کے مطابق مولانا طاہر اشرفی کے بیٹے کیخلاف جعلی کرنسی چلانے کے الزام میں مقدمہ نمبر 778/20 تھانہ تتلے عالی میں درج کرلیا گیا۔

مقامی تاجر تحسین رضا کھرل نے مقدمہ درج کرواتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ مولانا طاہر اشرفی کے بیٹے بلال طاہر اشرفی نے اپنے ساتھیوں کی مدد سے اس کو 52 لاکھ 63 ہزار روپے نقدی دیکر لینڈ کروزر خریدی۔ جبکہ رقم بینک میں جمع کروانے گیا تو پتہ چلا کہ تمام کرنسی جعلی ہے۔

تتلے عالی پولیس نے سی آئی اے پولیس کی مدد سے بلال طاہر اشرفی کے 2 ساتھیوں کو حراست میں لیکر تفتیش شروع کردی ہے۔

پولیس ذرائع نے بتایا کہ ملزمان کے انتہائی بااثر ہونے کی وجہ سے گواہوں کو ہراساں کرنے کے ساتھ ان پر دباؤ ڈالا جارہا ہے کہ وہ اپنے بیانات سے ییچھے ہٹ جائیں۔

مدعی نے میڈیا کو بتایا کہ بااثر ملزمان اب اس کو صلح کیلئے دباؤ دے رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں