اسرائیلی حملے میں فلسطینی ڈاکٹر ہلاک

جنین (ڈیلی اردو) اسرائیلی فوج کی طرف سے پھینکے گئے ایک بم کے پھٹنے سے غرب اردن میں ایک فلسطینی ڈاکٹر ہلاک ہوگیا۔

مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق جمعہ کے روز 54 سالہ ڈاکٹر نضال اکرم جبارین غرب اردن کے شمالی شہر جنین میں اپنے کلینک سے گھر لوٹ رہے تھے کہ اسرائیلی فوج نے ان پر ایک صوتی بم پھینکا۔ بم انہیں نشانہ بنا کر مارا گیا جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگئے۔ تاہم کچھ ہی دیر میں وہ زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ گئے۔

یہ واقعہ جنوب مشرقی جنین میں برطعہ کے مقام پر پیش آیا۔ ہلاک ہونے والے ڈاکٹر جبارین ایک ماہر ڈینٹسٹ تھے اور وہ برطعہ میں موجود ہسپتال سے گھر لوٹ رہے تھے۔

مقامی ذرائع نے بتایا کہ ڈاکٹر جبارین کو برطعہ کے مقام پر قائم کی ایک چوکی سے گذرتے ہوئے بم حملے کا نشانہ بنایا گیا۔ یہ چوکی دیوار فاصل کے قریب فلسطینیوں کی تلاشی اور ان کی شناخت پریڈ کیے لیے قائم کی گئی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ ڈاکٹر جبارین کو چوکی کے گیٹ نمبر دو سے داخل ہوتے ہی بم سے زخمی کیا گیا۔ بم لگتے ہی ان کی حرکت قلب رک گئی جس کے نتیجے میں وہ موقعے پر ہی دم توڑ گئے۔

ڈاکٹر جبارین کو ہسپتال لے جانے کی کوشش کی گئی تاہم وہ اسپتال پہنچنے سے پہلے ہی دم توڑ گئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں