بھارتی اداکار آصف بسرا نے خودکشی کرلی

نئی دہلی (ڈیلی اردو) بالی ووڈ کی نامور فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والے آصف بسرا نے مبینہ طور پر خودکشی کرلی۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق 53 سالہ آصف بسرا کی پھندا لگی لاش ہماچل پردیشن میں ان کے گھر میں لٹکی ہوئی پائی گئی۔اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ فارنزک ٹیمیں جائے وقوع کا جائزہ لے رہی ہیں جبکہ تحقیقات کا عمل جاری ہے۔آصف بسرا سے متعلق یہ رپورٹس بھی سامنے آئی ہیں کہ وہ پچھلے پانچ سال سے ایک کرائے کے گھر میں رہائش پذیر تھے۔

فلمی دنیا سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے آصف بسرا کی موت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے اور اسے ایک بڑا نقصان قرار دیا ہے۔

فلم ساز ہنسل مہتا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر آصف بسرا کی موت کی خبر پر ردِ عمل دیتے ہوئے دکھ کا اظہار کیا۔

اداکار منوج باجپائی نے اداکار کی موت کو ایک صدمہ قرار دیا، انھوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی روکھ تھام کے لیے لگائے گئے لاک ڈاؤن سے قبل ہی آصف بسرا کے ساتھ فلم کی شوٹنگ کی تھی۔

واضح رہے کہ آصف بسرا ٹیلی ویژن اور فلموں میں اپنی اداکاری کے باعث ایک پہچان رکھتے تھے، جبکہ انھیں تھیٹر کے اداکار کے طور پر بھی جانا جاتا ہے۔

انھوں نے بالی ووڈ کی کئی فلمیں کی ہیں جن میں آنجہانی سشانت سنگھ راجپوت کے ساتھ ’’کائی پو چے‘، رانی مکھرجی کے ساتھ ’ہچکی‘، ہریتھک روشن کے ساتھ ’کرش 3‘، کرینا کپور کے ساتھ ’جب وی میٹ‘، اجے دیوگن و عمران ہاشمی کے ساتھ ’ونس اپون ان ممبئی‘ شامل ہیں۔آخری مرتبہ آصف بسرا اصغر نبی کی ہوٹ اسٹار پر سیریز ’ہوسٹیجز‘ میں جلوہ گر ہوئے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں