مصر: امریکی بلیک ہاک ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، 8 فوجی ہلاک

قاہرہ (ڈیلی اردو) مصر میں امریکی بلیک ہاک ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہو کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں 8 فوجی ہلاک ہوگئے ہیں۔ ان میں 6 امریکی فوجیوں کے علاوہ چیک جمہوریہ کا ایک اور ایک فرانسیسی فوجی بھی شامل ہیں جبکہ ایک امریکی فوجی اس حادثے میں زندہ بچ گیا ہے۔ ہلاک ہونے والے فوجیوں کے نام نہیں بتائے گئے ہیں۔

وائس آف امریکا کے مطابق، یہ تمام فوجی اسرائیل اور مصر کے مابین امن معاہدے کے تحت کثیر قومی امن فوج کے دستے میں شامل تھے۔ جمعرات کے روز یہ ہیلی کاپٹر جزیرہ نما سینائی میں معمول کی نگراں پرواز کر رہا تھا جب یہ حادثہ پیش آیا۔

حادثے کی دیگر تفصیلات بھی جاری نہیں کی گئی ہیں جبکہ کثیر قومی امن فوج کے ترجمان نے اس حوالے سے کسی بھی قسم کی ممکنہ دہشت گردی کی تردید کرتے ہوئے اسے صرف ایک حادثہ قرار دیا ہے۔

وائس آف امریکا کی اردو ویب سائٹ کے مطابق، یہ حادثہ اس سال امریکی فوج کو پیش آنے والا سب سے ہلاکت خیز حادثہ بھی ہے۔

اس حوالے سے نگراں امریکی وزیرِ دفاع کرس ملر کا بھی ایک بیان جاری کیا گیا ہے جس میں انہوں نے مصر میں ہلاک ہونے والے فوجیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے علاوہ ان کے اہلِ خانہ اور عزیز و اقارب سے تعزیت بھی کی ہے۔

واضح رہے کہ 1979 میں مصر اور اسرائیل کے مابین امن معاہدہ طے پایا تھا جس کے تحت ’’کثیر قومی فوج اور مبصرین‘‘ (ملٹی نیشنل فورس اینڈ آبزرورز) کا قیام عمل میں لایا گیا۔ اس میں 13 ملکوں کی افواج شامل ہیں جن میں سب سے زیادہ تعداد امریکی فوجیوں کی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں