اسرائیلی فوج کے غزہ پر زمینی اور فضائی حملے جاری

غزہ (ڈیلی اردو) اسرائیلی فوج نے آج اتوار کو علی الصباح غزہ کی پٹی میں مختلف اہداف پر زمینی اور فضائی حملے کیے ہیں جن میں متعدد عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے تاہم ان حملوں میں کسی قسم کے جانی نقصان کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔

مقامی فلسطینی ذرائع نے بتایا کہ قابض فوج نے غزہ کی پٹی میں پانچ مقامات پر فضائی حملے کیے۔ ان حملوں میں غزہ میں اسلامی تحریک مزاحمت ‘حماس’ کے ٹھکانوں پر بمباری کی گئی اور انہیں نقصان پہنچایا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ قابض فوج نے مغربی غزہ میں الشیخ عجلین کے مقام پر حماس کےعسکری ونگ عزالدین القسام بریگیڈ کے ایک مرکز پربمباری کی۔ اس کے علاوہ مشرق میں الشجاعیہ اور جنوبی غزہ میں خان یونس شہر میں متعدد مقامات پر القسام بریگیڈ کے مراکز پر بمباری کی گئی۔

قبل ازیں اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی پر توپ خانے اور ٹینکوں سے گولہ باری کی تھی جس میں متعدد عمارتوں کو نقصان پہنچا تھا۔

اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب غزہ کی پٹی سے ایک راکٹ داغا گیا تھا جو عسقلان میں گرا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں