لاہور میں سی ٹی ڈی تھانے پر خودکش حملہ ناکام، دہشت گرد ہلاک

لاہور (ڈیلی اردو) لاہور کے برکی روڈ پر واقع انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) تھانے پر دہشت گرد کا حملہ ناکام بنا دیا گیا۔

سی ٹی ڈی کے ذرائع کے مطابق ایک دہشت گرد نے تھانے میں گھسنے کی کوشش کی اور فائرنگ بھی کی، جوابی فائرنگ کے نتیجے میں مبینہ خودکش حملہ آور مارا گیا۔

سی ٹی ڈی کے اہلکاروں نے لاہور میں بہادری کی مثال قائم کردی۔ تھانے پر حملہ کرنے والے خودکش حملہ آور کو ہلاک کردیا۔ خود کش حملہ آور نے سی ٹی ڈی کے تھانہ میں داخل ہونے کی کوشش کی۔ اس دوران شناخت پوچھنے پر دہشتگرد نے سیکیورٹی اہلکاروں پر فائرنگ کر دی۔ سی ٹی ڈی تھانے کی ڈیوٹی پر تعینات سکیورٹی اہلکاروں کی جوابی فائرنگ سے دہشت گرد ماراگیا۔ ہلاک ہونے والے دہشت گرد سے خود کش جیکٹ اور دو ہینڈ گرینیڈ برآمد کرلیے گئے۔

ترجمان سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ دہشت گرد تھانے پر حملہ کرنا چاہتا تھا۔ اس کی شناخت نہیں ہوسکی۔ علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر کے لاش کو تحویل میں لے لیا گیا ہے۔ خودکش جیکٹ کو ناکارہ بنانے کے لیے بم ڈسپوزل اسکواڈ کو بھی طلب کیا گیا جس نے جیکٹ کو ناکارہ بنادیا۔

ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ معاملے کی تحقیقات کررہے ہیں۔ جلد نیٹ ورک کا سراغ لگا لیا جائے گا۔ دہشت گرد کی لاش کو میو ہسپتال کے مردہ خانے منتقل کردیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں