بلوچستان: خضدار میں ایف سی اور سی ٹی ڈی کی کارروائی، بی ایل اے کے 3 دہشت گرد گرفتار

کوئٹہ (ڈیلی اردو) کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) قلات رینج اور ایف سی نے خفیہ اطلاع پر وڈھ میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا کر کالعدم تنظیم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) کے 3 دہشت گرد گرفتار کر لئے جبکہ 3 فرار ہوگئے، دہشت گردوں کے ٹھکانے سے بھاری اسلحہ، 25 کلوگرام بارود، 4 آئی ای ڈیز سی اور 4 دھماکا خیز مواد کی پیٹیاں برآمد ہوکر لی گئیں۔

ترجمان سی ٹی ڈی قلات رینج کے مطابق خفیہ اطلاع پر وڈھ میں کارروائی کی گئی۔ جس میں کالعدم بی ایل اے کے تین دہشتگرد گرفتار جبکہ تین دہشتگرد رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے۔ دہشت گردوں کے ٹھکانے سے کلاشنکوف، میگزین، 30 کارتوس، 25 کلوگرام بارود، ایک ریموٹ کنٹرول، 2 عدد ڈیوائس، 4 آئی ای ڈیز سی، 4 دھماکا خیز مواد کی پیٹیاں برآمد ہوئیں۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا دہشتگرد وڈھ کے علاقے کلی شیر وڈھ میں پناہ لی ہوئی تھی اور قلات، خضدار اور لسبیلہ میں دہشتگردی کی منصوبہ سازی کررہے تھے۔ ملزمان سیکیورٹی فورسز پر حملے سمیت دیگر دہشتگردی کے واقعات میں بھی ملوث تھے۔

خیال رہے دو روز قبل بھی سی ٹی ڈی حکام نے دعویٰ کیا تھا کہ سندھ کے مرکزی شہر کراچی سے کالعدم تنظیمیوں سے تعلق رکھنے والے چار دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیا جن میں بلوچ لبریشن آرمی کا بھی رکن شامل ہے۔

اسی طرح بلوچستان کے ضلع نصیر آباد سے بھی دو مختلف کاروائیوں میں سی ٹی ڈی حکام نے کالعدم تنظیم بی ایل اے کے اہم رکن سمیت چار مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کرنے اور دھماکہ خیز مواد اور منشیات برآمد کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں