سوات: مسجد میں فائرنگ، سابق پولیس انسپکٹر اور کانسٹیبل ہلاک، دو افراد زخمی

سوات (ڈیلی اردو) صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع سوات کے مرکزی شہر مینگورہ کے نواحی علاقے سلام پور میں مسجد کے اندر فائرنگ سے ایک ہی خاندان کے دو افراد ہلاک اور دو زخمی ہوگئے۔ پولیس نے چار افراد کو حراست میں لے لیا۔ایس ایچ او تھانہ سیدوشریف رفیع اللہ کے مطابق واقعہ اسلام پور میں اس وقت پیش آیا جب گاؤں کی مسجد میں سابق پولیس اہلکار ظاہر شاہ کے والد گلزار شاہ کے انتقال پر فاتحہ خوانی جاری تھی۔

اس دوران ملزمان نے مسجد میں داخل ہوکر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ریٹائرڈ پولیس انسپکٹر طاہر شاہ اور اس کا بھتیجا پولیس کانسٹیبل نثار ولد ظاہر شاہ موقع پر ہلاک ہوگئے جبکہ دیگر دو افراد عالم شاہ ولد گلزار شاہ اور سکندر ولد مومن زخمی ہوگئے۔ لاشوں اور زخمیوں کو سیدوشریف ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

پولیس کے مطابق مقتول فریق کے افراد نے کچھ عرصہ قبل بچوں کی لڑائی میں میں ایک شخص کو قتل کردیا تھا جس کے بعد جرگہ نے انہیں علاقہ بدر کیا تھا اور معاہدہ طے پایا گیا تھا کہ وہ گاؤں میں واپس نہیں آئیں گے۔ مگر وہ اپنے والد کے جنازے کے لیے آئے تھے جس پر مخالف فریق نے فائرنگ کردی۔

پولیس نے لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کردیا اور چار ملزمان محیب الرحمن، فضل مجید، ارشد اور گل وارث کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں