قصور: غربت سے تنگ آکر باپ نے اپنے 5 بچوں کو نہر میں پھینک دیا

قصور (ڈیلی اردو) صوبہ پنجاب کے ضلع قصور میں بیروزگاری اور غربت سے تنگ آکر باپ نے اپنے 5 بچوں کو نہر میں پھینک دیا، پولیس نے ملزم باپ کو گرفتار کر لیا۔

مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ ابراہیم کو ایک ہفتے سے مزدوری نہیں مل رہی تھی۔ گھر سے 2 دن سے آٹا نہیں تھا۔ ابراہیم کی بیوی نے راشن لانے کا کہا تو بچوں کو لے کر گھر سے چلا گیا۔

عینی شاہدین کے مطابق ابراہیم بچوں کو نہر میں پھینکنے سے پہلے روتا رہا۔ پھر تین بیٹیوں اور دو بیٹوں کو نہر میں پھینک دیا۔

راہگیروں کی اطلاع پر ریسکیو آئی اور بچوں کی لاشیں نکال لیں، مرنے والوں میں ایک سال کا محمد احمد، تین سالہ تاشہ، چار سال کی فائزہ، پانچ سالہ زین اور 7 سال کی معصوم نادیہ شامل ہے۔

پولیس کے مطابق بچوں کا باپ رکشہ چلا کر اہلخانہ کی کفالت کرتا تھا، گھریلو حالات اور غربت کے باعث بیوی سے اکثر جھگڑا رہتا تھا۔ کچھ عرصہ قبل ملزم کی بیوی لڑائی کے بعد میکے آگئی تھی، بچوں کے اصرار پر ملزم انھیں ملنے جمبر پہنچا تھا۔

ڈی پی او قصور کا کہنا ہے کہ ملزم کو گرفتار کرلیا، تفتیش جاری ہے۔ جبکہ دوسری طرف افسوس ناک واقعے پر علاقے کی فضا بھی سوگوار ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں