سعودی ولی عہد کا سعودی عرب میں قید پاکستانیوں کی فوری رہائی کا حکم

اسلام آباد (ویب ڈیسک) سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے سعودی عرب میں قید 2 ہزار سے زائد پاکستانیوں کی فوری رہائی کا حکم جاری کردیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر سعودی ولی عہد کے احکامات سے آگاہ کیا۔

فواد چوہدری نے اپنی ٹوئٹ میں بتایا کہ شہزادہ محمد بن سلمان نے سعودی عرب میں قید 2107 پاکستانیوں کی فوری رہائی کا حکم دیا ہے۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے وزیراعظم عمران خان کی درخواست پر رہائی کا حکم جاری کیا ہے۔

دوسری جانب وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پاکستانی قیدیوں کی رہائی کے احکامات پر ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے پاکستانی قوم کی طرف ولی عہد کا شکریہ ادا کیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعظم ہاؤس میں سعودی ولی عہد کے اعزاز میں دیئے گئے عشایئے میں وزیر اعظم عمران خان نے شہزادہ محمد بن سلمان سے درخواست کی تھی کہ سعودی جیلوں میں قید پاکستانیوں کو رہا کیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں