گلگت بلتستان: آرمی ایوی ایشن ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، 2 میجر سمیت 4 فوجی اہلکار ہلاک

گلگت بلتستان (ڈیلی اردو/نیوز ایجنسی) صوبہ گلگت بلتستان کے ضلع استور کے علاقے منی مرگ میں پاکستان آرمی ایوی ایشن کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہونے سے 4 فوجی اہلکار ہلاک ہوگئے۔
خبر رساں ادارے کی مطابق انٹرسروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے جاری کردہ ایک اعلامیے کے مطابق ہیلی کاپٹر انتقال ہونے والے سپاہی عبدالقدیر کی میت لے کر کمبائنڈ ملٹری ہسپتال (سی ایم ایچ) اسکردو جارہا تھا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ تکنیکی وجوہات کے باعث ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوا۔

واقعے میں ہلاک ہونے والے فوجی جوانوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پائلٹ میجر محمد حسین، شریک پائلٹ میجر ایاز حسین، نائیک انضمام عالم اور سپاہی محمد فاروق شامل ہے۔

میجر محمد حسین اسکردو، میجر ایاز حسین کراچی، نائیک انضمام چکوال جبکہ سپاہی فاروق ساہیوال سے تعلق رکھتے تھے۔

ادھر گلگت بلتستان کے وزیر اطلاعات فتح اللہ خان نے اس سانحے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔

انہوں نے ملک کے لیے پاک فوج کی قربانیوں کا اعتراف کیا۔

واضح رہے کہ ماضی میں پاک فضائیہ کے تربیتی طیارے گرنے کے چند واقعات پیش آچکے ہیں جن میں ہوا بازوں ہلاک ہوگئے۔

15 ستمبر کو صوبہ پنجاب کے ضلع اٹک کے علاقے پنڈی گھیپ میں پاک فضائیہ کا ایک طیارہ معمول کی تربیتی پرواز کے دوران گر کر تباہ ہوگیا تھا، تاہم پائلٹ بحفاظت زمین پر اترنے میں کامیاب رہا تھا اور زمین پر کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی تھی۔

اس سے قبل11 مارچ کو اسلام آباد میں شکر پڑیاں کے قریب پاک فضائیہ کا ایف-16 طیارہ گر کر تباہ ہوگیا تھا جس کے نتیجے میں ونگ کمانڈر نعمان اکرم ہلاک ہوگئے تھے۔

اس ضمن میں ترجمان پاک فضائیہ نے بتایا تھا کہ پی اے ایف کا ایف-16 طیارہ 23 مارچ پریڈ کی ریہرسل کے دوران گر کر تباہ ہوا تھا۔

12 فروری کو خیبرپختونخوا کے شہر مردان میں پاک فضائیہ کا تربیتی طیارہ دوران پرواز گر کر تباہ ہوگیا تھا جس میں پائلٹ باحفاظت نکلنے میں کامیاب رہا تھا۔

7 فروری کو صوبہ پنجاب کے شہر شورکوٹ کے قریب معمول کی پرواز کے دوران پاک فضائیہ کا طیارہ گر کر تباہ ہوگیا تھا تاہم اس کے نتیجے میں کوئی جانی و مالی نقصان ہونے کی اطلاع نہیں ملی تھی۔

قبل ازیں 7 جنوری کو میانوالی کے قریب پاک فضائیہ کا طیارہ گرکر تباہ ہوگیا تھا جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار دونوں پائلٹ ہلاک ہوگئے تھے۔

ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق پاک فضائیہ کا طیارہ میراج معمول کی تربیتی پرواز کے دوران شور کوٹ کے قریب گر کر تباہ ہوا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں